عاصف بٹ
کشتواڑ// ڈنگڈورو المناک سڑک حادثہ پر علاقہ دچھن کی فضاء سوگوار ہے اور ہر سو غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے ۔اس دوران جموںوکشمیر کے سرکردہ سیاسی لیڈران بشمول ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،غلام نبی آزاد،عمر عبداللہ ،محبوبہ مفتی ، الطاف بخاری ،محمد یوسف تاریگامی اوروقار رسول وانی نے حادثہ پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطہ چناب میں سڑکوںپر محفوظ سفریقینی بنانے کیلئے اقدامات کرے۔
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی چیئرمین غلام نبی آزاد نے کشتواڑ میں پیش آئے المناک سڑک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا جتائی ہے ۔آزاد نے ایل جی منوج سنہا پر زور دیا کہ کشتواڑ ضلع میں بد حال سڑکوں اور خاص طور دشوار گذار سڑکوں کی وقت وقت پر تجدید و مرمت کرکے اس طرح کے حادثات کو روکا جائے ۔
انہوں نے مرنے والے افراد کے کنبوںسے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ لواحقین اور زخمی ہوئے افراد کے کنبوں کو فوری امداد دی جائے۔ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارکے وائس چیئرمین غلام محمد سروڑی نے حادثہ میں سات لوگوں کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔سروڑی نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ حکام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں گے کیونکہ اس طرح کے حادثات ہر آئے دن ہوتے رہتے ہیں اور ایسے پہاڑی علاقوں پر ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔دریں اثناء ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے رہنمائوں میں ضلعی صدر شبیر احمد لون، شارق احمد سروڑی، طارق مسعود ملک، سجاد احمد ملک، رندیپ بھنڈاری، طارق حسین منٹو، ارشاد احمد و دیگران نے دکھ کا اظہار کیا۔ نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے کشتواڑ میں دلدوز سڑک حادثے میں انسانی جانیں تلف ہونے پر زبردست رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
دونوں لیڈران نے حادثے میں لقمہ اجل بنے 7افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، ٹریجرر شمی اوبرائے، صوبائی صدور ناسر اسلم وانی ، ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، چناب ویلی زون صدر سجاد کچلو اور دیگر لیڈران نے بھی اس دلدوز سڑک حادثے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور لقمہ اجل بنے افراد کے پسماندگان کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کشتواڑ سڑک حادثے پر اپنے دْکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ اپنی پارٹی ریاستی جنرل سیکریٹری سید اصغر علی نے بھی حاثہ پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے غمزدہ کنبوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جاں بحق ہوئے افراد کے اہل خانہ کو فوری طور ایکس گریشیا ریلیف دی جائے اور زخمیوں کو خصوصی علاج ومعالجہ فراہم کیاجائے۔سید اصغر علی نے کہاکہ کشتواڑ میں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہے اور انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ خستہ حال سڑکوں پر تیز رفتار کے معاملہ کو سنجیدگی سے لے اور ٹھوس اقدامات اْٹھائے جائیں۔ اپنی پارٹی ریاستی سیکریٹری مہندر پریہار، ضلع صدر کشتواڑ مسود مٹو اور پارٹی ضلع اکائی کشتواڑ کے دیگر عہدیداران نے بھی اِس سڑک حادثے میں گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی ، کانگریس کے ریاستی صدر وقار رسول ،سابق ایم ایل سی فردوس ٹاک، پی ڈی پی سٹیٹ سکریٹری شیخ ناصر ، ڈی ڈی سی چیئرپرسن پوجاٹھاکر و دیگر افراد نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ادھر ریاستی صدر سی آئی ٹی یو جموں و کشمیر محمد یوسف تاریگامی نے کشتواڑ سڑک حادثے پر گہرے صدمے اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔سوگواروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ اور حادثے میں زخمی ہونے والوں کے مفت علاج کا مطالبہ کیا۔