کشتواڑمیں میگاروزگارمیلے کاانعقاد

کشتواڑ//ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ اینڈکونسلنگ سنٹر کے زیراہتمام  بے روزگارنوجوانوں کوروزگارکے مواقعے فراہم کرنے اورسرکارکی طرف سے بے روزگاروں کیلئے چلائی جارہی سکیموں کی جانکاری دینے کے مقصدسے ٹی آرسی کشتواڑمیں ایک روزہ روزگارمیلے کاانعقادکیاگیاجس کاافتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑانگریزسنگھ رانانے کیا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی کشتواڑشکتی کمارپاٹھک ، اے ڈی ڈی سی کشتواڑ محمدحنیف ملک ، سی ایچ او ،سی اے ایچ او کشتواڑ، اے ڈی فشریز،اے ڈی ایمپلائمنٹ ،ضلع افسران ،بنکوں اورنجی اداروں کے سربراہ بھی موجودتھے۔اس دوران پروگرام کی نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ کشتواڑ انوپ کمارکررہے تھے۔ اس دوران روزگارمیلے میں 1500 تعلیم یافتہ بے روزگارنوجوانوں نے شرکت کی۔اس دوران 20 مختلف محکمہ جات ، بنکوں ،پرائیویٹ کمپنیوں مثلاً جے پی ، جے کے وہیکل ایڈس ،ایل آئی سی اورمختلف پرائیویٹ سکولوں نے طلباء کوان کیلئے درکارملازمت کے مواقعے اورپراڈکٹوں کی جانکاری دی۔اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کمشنرکشتواڑانگریزسنگھ رانانے نوجوانوں پرزوردیاکہ ملازمت حاصل کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں ۔اس دوران ڈی سی نے مختلف محکمہ جات کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کابھی جائزہ لیااورنوجوانوں پرزوردیاکہ وہ کھادی ولیج اینڈانڈسٹریز بورڈ، جے کے ای ڈی آئی اوردیگرمحکموں سے مالی امدادحاصل کرکے اپناروزگارکمائیں۔انہوں نے منتظمین پرزوردیاکہ وہ ضلع کے نوجوانوں کوروزگارکے زیادہ سے زیادہ مواقعے فراہم کرنے کیلئے پرائیویٹ کمپنیوں کے ساتھ تعلقات استوارکریں تاکہ ان کافائدہ نوجوان اٹھاسکیں۔انہوں نے کہاکہ سیاحتی شعبہ میں روزگارکے کافی مواقعے ہیں ۔انہوں نے روایتی کاموں مثلاً سلائی ،کڑھائی ،واٹرمِل ،پفنگ وغیرہ کوفروغ دینے کیلئے نوجوان اپنارول اداکرسکتے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اوراپنے ووٹ کااستعمال ضرورکریں۔