نئی دہلی//نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے بدھ کو کہا کہ کسانوں کے تمام معاملات صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل کیے جاسکتے ہیں۔ نائیڈو نے حیدرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر کسان ڈے کے موقع پر کسانوں کی ایک ٹیم سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے ہی بتا چکی ہے کہ وہ کسانوں کی تنظیموں کے ساتھ بات چیت کے لئے ہمیشہ تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے ، لہذا کسانوں کو بات چیت کے لئے آگے آنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور فوڈ سیکورٹی کا انحصار زراعت پر ہے ، اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ زراعت کا تحفظ کیا جائے اور منافع بخش بنایا جائے ۔ حکومت کی جانب سے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے نائیڈو نے زراعت کی پیداوار کو بڑھانے اور اسے موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فصلوں کی تنوع اور نامیاتی کھیتی باڑی پر بھی زور دیا۔اس معاملے میں انہوں نے ریفریجریشن چین ، ذخیرہ کرنے ، زرعی مال کی ڈھلائی اور زرعی مارکیٹنگ کے لئے درکار بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ 'ای نام' پلیٹ فارم سے زرعی مصنوعات کو زیادہ سے زیادہ مارکیٹ فراہم کیا جاسکے گا۔ ایک مطالعہ کا حوالہ دیتے ہوئے نائب صدر نے کسانوں پر اضافی آمدنی کے ذرائع ڈھونڈنے پر زور دیا۔ مطالعے کے مطابق ان علاقوں میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات نہیں ہوئے ہیں جہاں کسانوں نے اپنے گھر کے قریب پولٹری فارمنگ شروع کی ہے ۔
9 کروڑ کسانوں کو ملے گی پی ایم سمان نیدھی کی رقم
نئی دہلی//وزیراعظم کسان سمان نیدھی کے تحت اچھی حکمرانی کے دن 25 دسمبر کو نو کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 18 ہزار کروڑ روپے ڈالے جائیں گے ۔مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کسانوں کے بہبود اور ان کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہے ۔حکومت نے مسلسل ان کی سماجی و معاشی حالت میں بہتری کی ہے اور آگے بھی یہ عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ایم کسان سمان نیدھی بھی اسی عمل کا حصہ ہے ۔ اس کے تحت سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ اچھی حکمرانی کے دن 25 دسمبر کو نوکروڑ کسانوں کو صرف دو گھنٹے کے اندر 18 ہزار کرور روپے ان کے بینک کھاتوں میں براہ راست منتقل کئے جائیں گے ۔اس موقع پر ایک بڑے پروگرام کا انعقاد ہوگا جس میں وزیراعظم نریندرمودی شامل ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام آن لائن ہوگا اور بڑی سطح پر کسانوں کو جوڑنے کی کوشش چل رہی ہے ۔ ہر پروگرام میں مرکزی وزیر اور افسروں کی حصہ داری یقینی کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر وزیراعظم چھ ریاستوں کے چھ کسانوں سے خطاب بھی کریں گے ۔ اس کے لئے ریاستی حکومتوں سے نام مانگے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اچھی حکمرانی کے دن منعقد ہونے والے اس پروگرام میں دو کروڑ کسان اپنا رجسٹریشن کراچکے ہیں۔
بائیں بازو کی پارٹیاں اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتی ہیں: بی جے پی
نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے الزام لگایا ہے کہ نئے زراعتی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کی آڑ میں بائیں بازو کی تنظیمیں اپنے ملک دشمن مفادات حاصل کرنا چاہتی ہیں۔بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ 'جمہوریت میں کسانوں کو اپنے مطالبات پر مظاہرے کرنے کا حق ہے ، لیکن کچھ ملک دشمن بائیں بازو کی تنظیموں کے اہلکار کسانوں بن کر کسانوں کی تحریک میں شامل ہوچکے ہیں جن سے ملک کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔ سمبت پاترا نے 13 دسمبر کو ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بائیں بازو کی حمایت یافتہ کسان تنظیم نے وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کو خط لکھا ہے جس میں کسان لیڈروں سمیت جیلوں اور مبینہ دانشوروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ان میں جیل میں بند عمر خالد، وارورا راؤ اور پی ایف آئی جیسے کالعدم ماؤنواز تنظیموں کے رہنماؤں کے نام شامل ہیں، جن کا کسان تحریک سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ کیرالہ حکومت ان قوانین کو منسوخ کرانا چاہتی ہے کیونکہ بائیں بازو کی پارٹیوں کے کارکن خریدار بن کر کسانوں کے حقوق چھین رہے ہیں۔
کانگریس کا حکومت سے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ
نئی دہلی// کانگریس نے سابق وزیراعظم چودھری چرن سنگھ کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بدھ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی سے زراعت سے متعلق تینوں قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیر اعظم سے تکبر ترک کرکے کسانوں کے مطالبات پر ضد نہ کرنے درخواست کی اور کہا کہ احتجاج و مظاہرہ کررہے کسان اپنے گھروں کو لوٹے ، لہذا ان کے مطالبات پر مثبت غور کرنے کی ضرورت ہے ۔سرجے والا نے ٹویٹ کیا ‘‘کسان نہیں تو دانہ نہیں۔ کسان ملک کی روح ہے ، ان داتا ہے ۔ مودی جی ، اپنی انا کو ترک کریں ، کسانوں کا مطالبہ قبول کریں اور تینوں کالے قوانین کو واپس لیں’’۔انہوں نے کہا ’’سابق وزیر اعظم اور کسانوں کے مسیحا چودھری چرن سنگھ کی یوم پیدائش ’ کسان دوس‘پر ملک کے تمام کسانوں کو نیک خواہشات پیش کیں‘‘۔
کسانوں کی ممتا سے فون پر بات
نئی دہلی//دارالحکومت کے سنگھو بارڈر پر گذشتہ تین ہفتے سے بھی زیادہ وقت سے دھرنا دینے والے کسانوں نے بدھ کے روز مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی نے فون پر بات چیت کی اور ان سے اس تحریک میں ساتھ دینے کی اپیل کی۔ اس درمیان ترنمول کانگریس کے پانچ اراکین پارلیمنٹ نے سنگھو بارڈ رپر جا کر دھرنا دینے والے کسانوں سے ملاقات کی اور اپنی پارٹی کی جانب سے انھیں اس تحریک میں تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس مسئلے پر ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔