فیاض بخاری +عاصف بٹ
بارہمولہ +کشتواڑ //شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں چک تاپر کریری گائوں میں مسلح شبانہ تصادم آرائی میںتین عدم شناخت ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ جمعہ رات دیر گئے انہیں اس بات کی مصدقہ طور پر اطلاع ملی کہ چک تاپر کریری علاقے میں میوہ باغات میں موجود ایک عمارت میں کچھ ملی ٹینٹ چھپے بیٹھے ہیں جس کی بنا پر پولیس اور29آر آر کے علاوہ سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے اس جگہ کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ جب فورسز کی مشترکہ ٹیم نے مشتبہ مقام کی طرف پیشقدمی کی توملی ٹینٹوں نے مشترکہ ٹیم پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔پولیس کے مطابق آپریشن کو احتیاطی تدابیر کے پیش نظر روک دیا گیا اورسنیچر کی صبح آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا۔اس دوران طرفین کے درمیان گولیوں کا تبادلہ دوبارہ شروع ہوا جس کے دوران 3ملی ٹینٹ مارے گئے، جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔انکے قبضے سے اسلھہ و گولہ بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔غیر مصدقہ اطلاع کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت جنید احمد ریشی ولد مشتاق احمد ریشی ساکن بہمنی پورہ کچھ ڈورہ شوپیان،ماہر احمد وانی ولد شمشاد احمد وانی اور بلال احمد وانی ولد حبیب اللہ وانی ساکنان کژھن گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔گاندربل کے دونوں نوجوان یکم مئی کو گھر سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ بلال بارہویں اور ماہر گیارہویں میں زیر تعلیم تھا۔
کشتواڑ
چھاترو کشتواڑ میں گھات لگا کر کئے گئے حملے کے بعد جاری آپریشن میں ایک فوجی اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہوا۔جمعہ کی سہ پہر ساڑھے 3بجے یہاں پنگلناڑ علاقے میں ملی ٹینٹوں نے 11آر آر کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا تھا جس میںنائب صوبیدار وپن کمار (42) اور سپاہی اروند سنگھ ہلاک جبکہ دو دیگر فوجی زخمی ہوئے تھے۔ملی ٹینٹوںنے چھاترو کے بالائی علاقے میں ایک جنگلاتی علاقے میں فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا تھا۔ حملے کے دوران ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہوئے لیکن فوج نے مزید کمک طلب کر کے آپریشن کو سنیچر کی صبح دوبارہ شروع کیا۔ پولیس نے کہا کہ جنگلاتی علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران ایک فوجی اہلکاراپنے ہی بندوق سے لگی گولی سے زخمی ہوا۔جسے اس دوردراز علاقے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جموں منتقل کردیا گیا۔یہاں آپریشن جاری ہے۔
مینڈھر پونچھ
مینڈھر پونچھ میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔پولیس نے بتایا کہ فوج کی2پیرا اور ایس او جی نے مشترکہ طور پر تلاشی کارروائی کی جس کے دوران مشتبہ جگہ پٹھانہ تیرسے ان پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا مختصر تبادلہ ہوا۔ لیکن اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔علاقے میں مزید کمک پہنچا دی گئی ہے اور اسکی ناکہ بندی کر کے تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔