کرگل میں جلوس عزاء ، شہداء کربلا کو خراج عقیدت

سرینگر//کرگل میں 9محرم الحرام کو ایک جلوس عزاء برآمد ہوا۔یہ ماتمی جلوس اسلامیہ سکول کرگل اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے بینر تلے نکالا گیا جہاں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کرکے حضرت امام حسین ؑ کی یاد میں سینہ کوبی اور نوحہ خوانی میں حصہ لیا۔ دوسرا سب سے بڑا اجتماع کرگل قصبہ میں منعقدہوا جس کا اہتمام اسلامیہ سکول کرگل نے کیا تھا جس میں بڑی تعداد میں عزادار شریک ہوئے اور بعد میں اسلامیہ سکول کے احاطے میں جمع ہوکر مین بازار سے ہوتے ہوئے انقلاب منزل کرگل میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مذہبی سکالروں نے امام حسین ؑ کی تعلیمات پر زور دیا اور کہا کہ عاشورہ ظلم اورظالم کے خلاف کھڑا ہونے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسینؑ نے حق کی آواز کو بلند کرتے ہوئے شہادت کا مرتبہ پایا۔ اس موقع پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے طبی خدمات، بجلی و پانی سپلائی اور سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے۔