سرینگر//کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے وادی بھر میں ضلع سطح پر موثرطریقہ کار اپنایا گیا ہے اور عوامی جانکاری پروگراموں کے دوران اس جان لیوا بیماری سے بچنے کے لئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں روشناس کیا جارہا ہے۔ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ شہبا ز احمد مرزا کی صدارت میں جمعرات کو منعقدہ آفیسران کی ایک میٹنگ میں ضلع میں کرونا وائرس کے امکانی پھیلائو کی روک تھام کے لئے کئے جارہے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے آفیسران پر زوردیا کہ وہ نوول کرونا وائرس کے امکانی پھیلائو کی روک تھام کے لئے لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کریں۔انہوںنے ایسے افراد کی سفری تفصیلات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کرنے پر زوردیا جنہوںنے حال ہی میں وائرس سے متاثرہ ملکوں اور شہروں کا دور ہ کیا ہے۔ترقیاتی کمشنر نے متاثرہ ملکوں بشمول اٹلی،ایران،چین اور کوریا کا سفر کرچکے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہیلپ لائین نمبرات پر اپنے سفری تفصیلات کے بارے میں جانکاری دیں۔9419010752,01957225024 ۔اسی طرح بارہمولہ میں ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر جی این ایتو نے وائرس کی جانچ اورعلاج کے لئے قائم کئے گئے مختلف سیکریننگ مراکز کا دورہ کیا اوران مراکز کے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوںنے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پٹن میںقائم کئے گئے علیحدہ وارڈ کا بھی معائنہ کیااوروائرس سے نمٹنے کے لئے کی جارہی تیاریوں کاجائزہ لیا ۔اس دوران ضلع ہسپتال بارہمولہ میں متعلقہ آفیسران نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کی جارہی تیاریوں کے بار ے میں ترقیاتی کمشنر کو جانکاری دی۔ڈی سی نے ٹنگمرگ،گلمرگ اوردیگر کئی مقامات پر قائم سیکریننگ مراکز کا دور ہ کیا۔ڈی سی نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں اور فکر و تشویش کی کوئی بات نہیں۔بڈگام میں بھی ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے اہتمام سے ضلع کورٹ کمپلیکس میںکرونا وائرس کے بارے میںایک جانکاری اوراحتیاطی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ سیشنز اینڈ پرنسپل جج،چیرمین ڈی ایل ایس اے راجہ شجاعت علی نے پروگرام کی صدارت کی۔چیرمین ڈی ایل ایس اے نے کہاکہ تشویش کی کوئی ضرورت نہیں ہے البتہ ہر شخص کو وائرس سے متعلق طبی ہدایات پر عمل کرنی چاہیے۔انہوںنے تمام ملازمین اوروکلأ پر زوردیا کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرکے روزانہ اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھوتے رہیں۔انہوںنے عالمی صحت تظیم کی ہدایات پر بھی عمل آوری کو یقینی بنانے پر زوردیا۔انہوںنے مزیدکہا کہ اس بیماری کا اب تک اگرچہ کوئی علاج نہیں ہے البتہ احتیاطی تدابیر سے اس وائرس کی زد میں آنے سے خود کو محفوظ رکھاجاسکتا ہے۔ادھرگاندربل میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے اہتمام سے چیرمین پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج محمد یوسف وانی کی ہدایت اوررہنمائی میں نوول کرونا وائرس کے امکانی پھیلائو سے نمٹنے کے لئے ضلع کورٹ کمپلیکس میںایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کے انعقاد کا مقصد جوڈیشل آفیسران ،عدالتوں کے عملے اوروکلأ کو وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔اس موقعہ پر چیرمین ڈی ایل ایس اے ،صدر بار ایسوسی ایشن گاندربل اورطبی ماہرین نے خطاب کیا اور ضروری احتیاط برتنے کے بارے میں شرکأ کو جانکار ی دی۔اس دوران ڈاکٹر سید زاہد نے جان لیوا وائرس اوراس کی روک تھام کے بارے میں شرکأ کو روشناس کیا ۔انہوںنے کہا کہ لوگوں کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس مہلک بیماری سے بچائو کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔زرعی کمپلیکس لال منڈی میں بھی آج کرونا وائرس کے امکانی پھیلائو کی روک تھام کے لئے کئے جارہے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس مناسبت سے محکمہ زراعت کشمیر کے اہتمام سے ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم زراعت نے محکمہ کے تمام عملے کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر وائرس کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کرونا وائرس کے خطرات پر قابو پایاجاسکے۔ناظم زراعت نے وائرس کی روک تھام کے لئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے رہنما خطوط کے بارے میں شرکأ کو جانکاری دی۔اُنھوں نے کہا کہ احتیاطی اقدامات سے یقینی طور پر اس جان لیوا مرض سے بچا جاسکتا ہے۔