سرینگر//کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے وادی کے تما م اضلاع میں انتظامیہ مزید متحرک ہوگئی ہے اوراحتیاطی تدابیر کے لئے عوام کو جانکاری دی جارہی ہے۔ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ نے آفیسران کی ایک میٹنگ میں وائرس کی روک تھام کے لئے ضلع سطح پر کئے گئے اقدامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ اے ڈی سی کی نگرانی میں دن رات کام کرنے والے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔سی ای او پر زوردیا گیا کہ وہ عام شہریوں،خصوصاً طلبأ کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کریں اوراس مقصد کے لئے جانکاری پروگراموں کا انعقاد کریں ۔عوام سے کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثرہ کسی بھی مشتبہ مریض کے بارے میں انتظامیہ کو مطلع کریں ۔ادھر کپوارہ میں ترقیاتی کمشنر انشل گرگ نے ضلع میں کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی۔میڈیکل آفیسران ،ہائر سیکنڈری سکولوں کے پرنسپلوں اورزونل ایجوکیشن آفیسران کی ایک مشترکہ میٹنگ سے خطاب کے دوران ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ یہ بات اطمینان بخش ہے کہ ضلع میں اب تک کسی بھی شخص کو کرونا وائرس سے متاثر نہیں پایا گیا ہے ۔میٹنگ میں اے ڈی سی اورسی ای او کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے تحت ڈاکٹروں اورطبی عملے پر مشتمل 20ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ہے جنہیں لازمی سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں اوریہ ٹیمیں تمام 2000تعلیمی اداروں کے علاو ہ آنگن واڑی مراکز کادورہ کریں گی تاکہ وائرس سے بچائو کے لئے ضروری جانکاری فراہم کی جاسکے۔دریں اثناء ترقیاتی کمشنر بڈگام طارق حسین گنائی نے کہا ہے کہ وائرس کے امکانی خطرات سے فکرو تشویش کی کوئی بات نہیں ہے کیونکہ چین اور ایران سے واپس لوٹنے والے بڈگام کے جن 41شہریوں کی علیحدہ وارڈوں میں جانچ کی گئی اُن کے ٹیسٹ منفی پائے گئے ہیں اوراُن میں وائرس کی کوئی علامت نہیں ہے۔ترقیاتی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار آج کئی علیحدہ وارڈوں کے دورے کے دوران کیا جو کہ مشتبہ مریضوں کی طبی جانچ کے لئے قائم کئے گئے ہیں۔ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں وائرس کے 41مشتبہ افراد میں سے بیشترنے28دن علیحدہ وارڈوں میں گزارے ہیں جب کہ دیگر افراد 14دن گزار چکے ہیں اور ان کی باریک بینی سے طبی جانچ کی جارہی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ فلیو کے علامات کی وجہ سے دومریضوں کو سرینگر ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے،البتہ ان میںکوئی مریض کرونا وائرس سے متاثر نہیں ہے۔اُدھر ترقیاتی کمشنر نے علیحدہ وارڈوں میں لازمی طبی سہولیات کی دستیابی کے لئے 5لاکھ روپے واگذار کئے ہیں۔بارہمولہ میں ضلع انتظامیہ نے کرونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لئے دن رات کام کرنے والے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا ہے تاکہ لوگوںکو احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری دی جاسکے ۔ہیلپ لائین کا یہ نمبر میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال بارہمولہ ڈاکٹر سید مسعود کی نگرانی میں کام کرے گا۔جن کے ساتھ 7006231150پر رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے ۔جب کہ اس سلسلے میں ڈاکٹر ذوالفقار نبی کے ساتھ9419038139پر ضروری جانکاری حاصل کی جاسکتی ہے۔اُدھر ضلع انتظامیہ نے مختلف سطحوں پر بھی دن رات کام کرنے والے کنٹرول رومز قائم کئے ہیں اورضرورت پڑنے پر متعلقہ آفیسران سے رابطہ قائم کرکے لازمی جانکاری حاصل کی جاسکتی ہے۔
کنٹرول روم کو 400 کالیں موصول
سرینگر//نوول کرونا وائرس کے امکانی خطرات سے نمٹنے کیلئے سوموار بعد دوپہر سے قائم کئے گئے دن رات کام کرنے والے کنٹرول روم کو قریب400فون کالیں رسیو ہوگئیں یا کنٹرول روم سے فون رابطے قائم کئے گئے ۔ان میں سے زیادہ تر کالیں کنٹرول روم سے ڈائل آئوٹ کی گئیں۔ان فون کالز کو بین الاقوامی اورمقامی سطح پر رابطے کے لئے استعمال کیا گیا۔ان میں ایسے شہریوں کی بھی فون کالز شامل ہیں جو کہ اس وقت ملک سے باہر قیام کئے ہوئے ہیں۔رات کی شفٹ میں کام کرنے والے ڈاکٹر کے ساتھ فون پر متعدد شہریوں نے رابطہ قائم کرکے طبی اورتیکنیکی صلاح حاصل کی۔کنٹرول روم میں دو لینڈ لائین اورتین موبائیل نمبرات کے علاوہ انٹرنیٹ سے لیس دو کیمپوٹر بھی نصب کئے گئے ہیں جو کہ موجودہ صورتحال میں قائم کررہے ہیں۔ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا ہے کہ کنٹرول رومز کے ساتھ رات یا دن میں کسی بھی وقت ان نمبرات پر رابطہ قائم کیاجاسکتا ہے۔2457552,245743,9419028242,9419014723