کرناہ میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا احتجاج

 سرینگر //کرناہ میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے کہا ہے کہ حالیہ دنوں مستقلی کے حوالے سے جو فہرست مشتہر کی گئی ہے ،اُس میں کرناہ کے 105 میں سے صرف 10عارضی ملازمین کے نام ہی شامل ہیں۔مذکورہ عارضی ملازمین نے بدھ کو محکمہ بجلی اور سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی ملازمین نے کہا کہ 95ملازمین کو مستقل  نہیں کیا گیا۔انہوں نے ایس ڈی ایم دفتر کے باہر دھرنا دیا اور سرکار کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے کئی برسوں سے محکمہ میں بطور عارضی ملازمین کا م کر رہے ہیں اور کٹھن موسمی صورتحال کے دوران انہوں نے کام کر کے لوگوں تک بجلی سپلائی کو یقینی بنایا اوروہ اُمید لگائے بیٹھے تھے کہ اُن کو اس کا پھل ملے گا لیکن انہیں نظر انداز کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ سے کرناہ بجلی پہنچانا کوئی آسان کام نہیں ہے اور سرما میں جب سادھنا گلی پر بھاری برفباری ہوتی ہے تو اُس وقت ہم لوگ جان جوکھم میں ڈال کر بجلی سپلائی بحال کرتے ہیں ۔احتجاجی عارجی ملازمین نے محکمہ بجلی کو متنبہ کیاکہ شائع کی گئی فہرست پر اگر دوبارہ نظر ثانی نہیں کی گئی تو وہ کام چھوڑ ہڑتال پر جائیں گے ۔انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک سے اس معاملے پر ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے ۔