حسین محتشم
پونچھ//کرشنا گھاٹی،دھراٹی درہ دُلیاں سڑک عرصہ دراز سےخستہ حالی کا شکارہے۔عرصہ دراز سے سڑک کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے اس سڑک پر جگہ جگہ گڈھے بن گئے ہیں جس کی وجہ سے وہاں پر گاڑیاں تو دور پیدل چلنا بھی لوگوں کے لیے دشوار ہو رہا ہے۔عاشق حسین نامی ایک شخص نے بتایا کہ یہ سڑک بہت ہی اہم ہے لیکن انتظامیہ اس کی جانب بالکل توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں سے چارپہیہ گاڑیوں کا گزرنا مشکل نہیں بلکہ ناممکن ہے ،جو لوگ موٹر بائیک پر بھی وہاں سے گزرتے ہیں ان کو بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا رہتا ہے اور ہمیشہ حادثہ ہونے کا خطرہ رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کن وجوہات کی بنا پر اس سڑک کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی ہے جبکہ دور حاضر میں جگہ جگہ سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک پرانی سڑک ہے جس کے متبادل سڑک بننے کے بعد اس سڑک کی طرف بالکل توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے سڑک کی مرمت کر کے اس پر جلد از جلد تارکول بچھانے کا مطالبہ کیا۔ایک اور مقامی شخص نے بتایا کہ اس سڑک سے وہ ہمیشہ گزرتے ہیں لیکن سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے چلنا دشوار ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دھراٹی علاقے میں کوئی خاتون بیمار ہوجاتی ہے تو اس کو ہسپتال چارپائی پر اٹھا کر لے جانا پڑتا ہے کیونکہ گاڑی پر ان کا کو لے جانا خطرے سے خالی نہیں ہوتا ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری سے اس سڑک کا جائزہ لینے کی اپیل ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع ترقیاتی کمشنر مقام شہریوں کی مشکلات کو سمجھتے ہوئے جلد سے جلد اس سڑک کی مرمت کروائیں گے۔