سرینگر//کاکہ پورہ پلوامہ میں فورسز نے دوران شب چھاپہ مار کاروائی کے دوران ایک سینئر مزاحمتی کارکن کے بیٹے سمیت 3 نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ سی این ایس کے مطابق فوج اور پولیس کی ایک بھاری جمعیت دوران شب کا کہ پورہ میں آزادی پسند رہنما مسلم دینی محاذ کے سابق امیر ضلع مرحوم بلال احمد کاکہ پوری کے مکان میں داخل ہو ئی اور انہوں نے ان کے جواں سال بیٹے عمر بلال لون کی گرفتاری عمل میں لائی۔ اگر چہ مرحوم کے اہل خانہ نے اسکی گرفتاری کو ناکام بنا نے کے لئے مزاحمت کی تاہم فورسز اس کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔عمر بلال لون کے بارے میں معلوم ہوا کہ وہ اپنے والد کی وفات کے بعد اپنی گھر کی ذمہ داری سنبھا ل رہا تھا اور فی الوقت اس کا کسی بھی غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ کوئی واستہ نہیں ہے۔ دریں اثنا ء کاکہ پورہ میں ہی فوج نے شبانہ چھاپہ مار کاروائی کے دوران ایک اور نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس ٹاسک فورس کاکہ پورہ نے دوران شب مشتاق احمد لون کے گھر میں داخل ہوکر اسکے 19 سالہ بیٹے سمیر احمد لون کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔لواحقین نے سی این ایس کو بتایا کہ دوران تلاشی پولیس ٹاسک فورس نے انہیں زبردست ہراساں کیا جس کی کڑی کے بطور انہوں نے نکلتے وقت ایک بندوق کو ان کے مکان میں ہی چھوڑ دیا اوردوبارہ تلاشی کاروائی عمل میں لائی جس کا مقصد پورے کنبہ کو ملوث کرنا تھا تاہم جب فورسز اس کوشش میں ناکام ہوئی تو انہوں نے گھریلو سامان کو تہس نہس کرنے کے علاوہ مکان کی کھڑکیاں اور دروازے توڑ ڈالے۔اس دوران کاکاپورہ کے ہی بیگم باغ میں فورسز نے شبانہ چھاپہ مار کاروائی کے دوران ایک طالب علم شاکر احمد بٹ ولد عبدالحمید کو گرفتار کرلیا ہے۔شاکر بارویں جماعت کا طالب علم ہے اوریہ سمجھ نہیں آرہاہے کہ اُسے کس جرم میں گرفتار کرلیا گیاہے۔