کانگریس کی جیت یقینی: میر

 سرینگر//ریاستی کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے دعویٰ کیاہے کہ پارلیمانی انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی اکثریت کے ساتھ جیت درج کرے گی۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی ڈی پی ، بی جے پی اور دیگر سیاسی پارٹیوں کی جانب سے سیاسی استحصال کے مکروہ منصوبوں کو ناکام بنائیں۔غلام احمد میر نے جمعرات کوصدر دفتر پر آئے ہوئے پانپور، ترال، شوپیان اور پلوامہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے دوران فرقہ پرست عناصر کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں۔ کانگریس صدر نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ آنے والے پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے تیار رہیں اور جنوبی کشمیر کی نشست پر پارٹی اُمیدوار کو کامیاب بنانے کے لیے دلجمعی سے محنت کریں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جیت سے مظلوم اور ستائے ہوئے لوگوں کے اندر اعتماد کی روح پھر سے بحال ہوگی جنہیں سابق مخلوط حکومت پی ڈی پی اور بی جے پی کے دور اقتدار کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ کانگریس پارٹی نہ صرف ریاست جموں وکشمیر بلکہ ملک بھر میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور بی جے پی اور آر ایس ایس جیسی ملک دشمن قوتوں کو لوہے کے چنے چبوائے گی۔