کانگریس کارکنوں کا حکومت مخالف احتجاج

نوشہرہ //راجوری ضلع کے سندر بنی سب ڈویژن میں کانگر یس پارٹی کارکنوں نے مرکزی حکومت کےخلاف اور اپنی مانگوں کو لے کر شدید احتجاج کیا ۔پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان رویندر شرما کی قیادت میں کارکنوں نے مرکزی حکومت کےخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی ،مہنگائی ،بے روز گاری او ر پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے جیسے مطالبات کے سلسلہ میں بینر اٹھا رکھے تھے ۔مظاہرین نے کہاکہ مرکزی کی مووی حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے جبکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو یوٹی بنا کر مکینوں کےساتھ بڑے پیمانے پر نا انصافیاں کی گئی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کو جلدازجلد ریاستی درجہ دیا جائے جبکہ مہنگائی و بے روز گاری جیسے مسائل کو حل کیا جائے ۔