سرینگر/انڈین نیشنل کانگریس نے منگل کو پارٹی کا الیکشن منشور جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ اقتدار میں آنے کی صورت میں کشمیر کے بارے میں تین نئے ثالث تعینات کرے گی۔
منشور میں لکھا ہے''کانگریس وعدہ کرتی ہے کہ کشمیرمسئلے کا بات چیت کے ذریعے حل ڈھونڈنے کیلئے جموں کشمیر کیلئے تین نئے ثالث تعینات کئے جائیں گے تاکہ ہر سٹیک ہولڈر کے ساتھ بلا شرط بات چیت کی جاسکے۔ یہ تینوں ثالث سیول سوسائٹی سے ہونگے''۔
کانگریس نے آج اپنا الیکشن منشور نئی دلی سے جاری کیا۔ پارٹی نے کہا کہ جموں کشمیر کا مسئلہ فوجی قوت سے حل نہیں ہوسکتا ہے بلکہ اس کیلئے کھلے دل کی ضرورت ہے۔
کانگریس منشور میں مزید لکھا ہے''ہم جموں کشمیر کی خاص تاریخ کو بھی مانتے ہیں اور اُن خاص حالات کو بھی، جن میں ریاست کا بھارت کے ساتھ الحاق ہو اتھا اور جس کی بنا پر آئین کے اندر دفعہ370کا ندراج عمل میں لایا گیا گیا تھا۔آئین کے اندر کچھ بھی تبدیلی عمل میں نہیں لائی جائے گی''۔
کانگریس نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ وادی کے اندر فورسز اہلکاروں کی تعداد کم کرے گی اور جموں کشمیر پولیس کو زیادہ سے زیادہ ذمہ داری تفویض کی جائے گی ۔
پارٹی نے جموں کشمیر میں نافذافسپا اور ڈسٹربڈ ایریا ایکٹ پر سر نو غور کرنے کا بھی اعلان کیا۔