وارڈ نمبر 1کی بجلی بغیر کسی اطلاع اور جواز کے بند ،صارفین پریشان
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل مینڈھر کی گلہوتہ کانڈی پنچایت کی وارڈ نمبر ایک کے عوام بجلی محکمہ کے ملازمین کی مبینہ غنڈہ گردی سے سخت پریشان ہیں۔ مقامی لوگوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ بجلی کے کچھ ملازمین نے پوری وارڈ کی بجلی بغیر کسی اطلاع اور جواز کے بند کر دی ہے، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ اس وارڈ میں کئی ایسے لوگ موجود ہیں جو باقاعدگی سے ہر ماہ بجلی کا کرایہ ادا کرتے ہیں، مگر ان کو بھی سزا دی جا رہی ہے۔ اگر کسی فرد نے بجلی کا بل ادا نہیں کیا تو کارروائی صرف اْس فرد کے خلاف ہونی چاہیے، نہ کہ پوری وارڈ کو اندھیرے میں دھکیل دیا جائے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ ایک ہفتے سے مذکورہ معاملہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے ان کی پریشانیاں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔لوگوں نے الزام لگایا کہ متعلقہ ملازمین اپنی طاقت کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور اجتماعی سزا دے کر علاقے میں بدامنی اور پریشانی پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ملازمین کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے رویے کا سخت نوٹس لیا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی اپیل کی گئی کہ بجلی کے بقایا جات کی وصولی کے لئے انفرادی سطح پر اقدامات کئے جائیں، نہ کہ پورے علاقے کو تکلیف میں مبتلا کیا جائے۔