منڈی//حکومت کی طرف سے منڈی کو کالج کے قیام پر پھر سے نظرانداز کردیئے جانے پر مقامی عوام نے سنیچر کے روز احتجاجی مظاہر ہ کیا اور ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے اس بات کا انتباہ دیاکہ وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع کریںگے ۔مقامی لوگوں کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نیشنل کانفرنس لیڈر ایڈووکیٹ آفتاب گنائی کر رہے تھے ۔اس دوران مظاہرین نے کہاکہ منڈی ضلع پونچھ کا وہ علاقہ ہے جس میں دو لاکھ کے قریب لوگ رہتے ہیں جن کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی کوئی سہولت میسر نہیں اور انہیں تین تین گھنٹوں کا سفر کر کے پونچھ کالج جاناپڑتاہے ۔اس دوران منی بس سٹینڈ اعلیٰ پیر میں ایک احتجاجی جلسے کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ ہر ایک حکومت کے سامنے منڈی کی عوام نے ڈگری کالج کی مانگ رکھی تاہم ہر بار انہیں نظرانداز کردیاگیا۔آفتاب گنائی نے کہا کہ یہاں کی مفلس عوام کو آج تک اندھیرے میں رکھا گیا اور ان کی بے بسی کا ناجائز فائدہ اٹھایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے جس کو فروغ دینے کے لئے منڈی تحصیل میں ڈگری کالج کا ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ بیلابالا،کھڑپہ لورن،گگڑیاں،اوڑی پورہ ساؤجیاں،مہارکوٹ،موہری اڑائی،گلی پنڈی وغیرہ پسماندہ علاقوں کی مزدور پیشہ عوام کے بچوں کو پہلے چار سے پانچ کلومیٹر پیدل اورپھر چالیس سے پچاس کلومیٹر گاڑیوں کا سفر طے کرکے پونچھ ڈگری کالج بھیجناپڑتاہے اور ان کا پورا دن سفر میں ہی بیت جاتاہے ۔ان کاکہناتھاکہ کالج نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر طلباء خاص کر طالبات ترک تعلیم پر مجبور ہوتی ہیں ۔انہوںنے حکومت کو انتباہ دیاکہ اگر کالج نہ ملاتو منڈی کی عوام سڑکوں پر اترے گی اور بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گا۔ اس دوران ایک ریلی نکالی گئی جوبازار سے ہوتے ہوئے منڈی پل تک گئی ۔احتجاج کی وجہ سے سڑک پر دو گھنٹوں تک کیلئے گاڑیاں بھی بند رہیں ۔بعد ازآں تحصیلدار منڈی نے موقعہ پر پہنچ کر مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ انکی مانگ کو حکام تک پہنچایاجائے گاجس پر لوگوںنے احتجاج ختم کیا ۔ اس موقعہ پر عبدالاحد بٹ ،غلام عباس، محمد اکرم لون، ماسٹر امیر دین، محمد اکرم لون، فاروق نجار وغیرہ بھی موجود تھے ۔
اعلان جلد ہوگا:پی ڈی پی
عشرت بٹ
منڈی // تحصیل منڈی کیلئے ڈگری کالج کا اعلان بہت جلد ہونے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے پی ڈی پی کے بلاک صدر منڈی نے کہاکہ سابق حکومتوںنے کئی دہائیوںتک منڈی کی عوام کا استحصال کیا تاہم موجودہ سرکار یہاں کی عوام کو اس کا حق دے گی ۔ڈاک بنگلہ منڈی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاک صدر بلال مقدومی نے کہاکہ ریاستی حکومت کہ طرف سے منڈی تحصیل کیلئے ڈگری کالج کو منظوری مل چکی ہے اور بہت جلد وزیر اعلیٰ اعلان کریںگی ۔انہوںنے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت اور ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی محنت کے نتیجہ میں بہت جلد کالج مل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابق لیڈران منڈی کے بجائے جموں کو اپنا گھر سمجھتے تھے اور وہ جموں میں پرائیویٹ کالج کھولنے کی کوشش میں رہے جسکا جیتا جاگتا ثبوت عوام کے سامنے ہے ۔ان کاکہناہے کہ ایسے ہی چند لوگوں کو جب یہ پتہ چلاہے کہ کالج منظور ہونے جارہاہے تو انہوںنے کڑاہی میں چمچہ مارنے کی کوشش کرتے ہوئے عوام کو حکومت مخالف احتجاج کیلئے تیارکرنے کی کوشش کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ لوگوں کو بیوقوف نہیں بنایاجاسکتا اور وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ کون عوام کا کتنا ہمدرد ہے ۔اس موقعہ پر پی ڈی پی زونل سکریٹری شکیل پرے اور حبیب اللہ نائیک کے علاوہ اعجاز منگرال، ٹھیکیدار غلال نبی نائیک، مجید ٹھکر بلاک یوتھ جنرل سکریٹری،پیر خورشید ،الطاف نائیک ،جبار ڈار بھی موجو دتھے ۔
منجاکوٹ میں تمام جماعتوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل
پرویز خان
منجاکوٹ //ڈگری کالج کی مانگ پر تحصیل منجاکوٹ میں تمام سیاسی جماعتوںسے تعلق رکھنے والے لوگوںنے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی ہے جو کالج معاملے پر مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرے گی ۔اس سلسلے میں مقامی لوگوں کا ایک اجلاس منعقد ہواجس میں سبھی جماعتوںسے تعلق رکھنے والے لیڈران نے شرکت کی ۔موقعہ پر لیڈران نے کہا کہ اس کمیٹی کا واحد مقصد لوگوں کی مشکلات کے ساتھ ساتھ ڈگری کالج کی مانگ کوانتظامیہ اور حکومت تک پہنچاناہے ۔میٹنگ میں بیوپار منڈل منجاکوٹ کے ارکان بھی موجو دتھے ۔اس دوران مقررین نے کہاکہ منجاکوٹ میں کالج کا قیام عمل میں لایاجائے جو یہاں کے لوگوں کی جائز مانگ ہے ۔ میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ پیر کے روز کمیٹی ارکان ڈپٹی کمشنر راجوری سے ملاقات کرکے کالج کا معاملہ ان سے زیر بحث لائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت سے بھی بات کی جائے گی اور اگر پھر بھی کالج کا اعلان نہ ہواتوجموں پونچھ شاہراہ بند کرکے بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاجس کی تمام تر ذمہ داری حکومت و انتظامیہ پرعائد ہوگی ۔
درہال میں دوسرے روز بھی احتجاج ہوا
منیرخان
راجوری // درہال کے لوگوں نے ڈگری کالج کی مانگ پر دوسرے روز بھی احتجاج کیا ۔ان کا مطالبہ کہ درہال میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایاجائے ۔یہ احتجاج جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بینر تلے کیاجارہاہے جس نے سولہ اپریل کو راجوری چلو کی کال دی ہے ۔ اس کمیٹی کے کنوینئر ایڈووکیٹ زاہد سرفراز نے بتایا کہ ریاستی سرکار نے درہال کی عوام کوایک بارپھرنظرانداز کیاہے جوبہت بڑی ناانصافی ہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ اس سلسلے میں مداخلت کرکے درہال کے لوگوں کو انصاف دلائیں۔ زاہدسرفراز نے مزید کہا کہ اس بار لوگ کسی بھی صورت میں اس مطالبے سے دستبر دار نہیںہوںگے اور مانگ پوری ہونے تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ 16 اپریل کوراجوری چلوکال دی گئی ہے جس کو کامیاب بنایاجائے ۔