راجوری //کالاکوٹ کے موگلہ گائوں میں قتل کی ایک سنسنی خیز واردات پیش آئی ہے جس پر پولیس نے خاوند و اہلیہ کو گرفتار کرکے قتل کا مقدمہ درج کیاہے ۔ مقتول کی نعش پولیس نے تین دنوں کے بعد زمین کے اندر سے برآمد کی ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ موگلہ گائوں کے ایک شخص نے پولیس تھانہ دھرمسال میں شکایت درج کراکے بتایاکہ اس کا 25سالہ بھائی ستویر سنگھ ولد بابو سنگھ لاپتہ ہوگیاہے اور انہیں شبہ ہے کہ 26سالہ چین سنگھ ولد اندر سنگھ ساکن موگلہ نے اس کے بھائی کو اغوا نہ کرلیاہو۔ایس ایس پی کے مطابق اس معاملے پر تحقیقات شروع کی گئی اور چین سنگھ کو ایک دورافتادہ علاقے گڈیوگ سے حراست میں لے کر اس سے پوچھ تاچھ کی گئی اوراس دوران اس نے قتل کا اقرار کیا ۔ ایس ایس پی نے مزید بتایاکہ دوران پوچھ تاچھ چین سنگھ نے یہ اقرار بھی کیاکہ اس کی 25سالہ بیوی پوجا کماری بھی اس واردات میں ملوث ہے ۔یوگل منہاس کے مطابق چین سنگھ نے بتایاکہ قتل کے بعد مقتول کی نعش کو گھر کے نزدیک کھیت میں مٹی کے اندر دفن کردیاگیا۔ایس ایس پی نے بتایاکہ اس پر ڈی وائی ایس پی نوشہرہ گردھاری لعل شرما اور ایس ایچ او امت سنگھ کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے موقعہ پر پہنچ کر مٹی کی کھدائی کی جہاں سے نعش برآمد ہوئی جسے تین دن قبل دفن کیاگیاتھا۔انہوں نے بتایاکہ نعش کو کالاکوٹ ہسپتال منتقل کیاگیاہے جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے اس کا پوسٹ مارٹم کیا ۔ دریں اثناء پولیس نے چین سنگھ کی اہلیہ کو بھی گرفتار کرلیاہے جبکہ پولیس تھانہ دھرمسال میں قتل کا مقدمہ درج کیاگیاہے ۔ ایس ایس پی کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول مبینہ طور پر پوجا دیوی کو جنسی طور پر حراساں کرتاتھا جس کی اطلاع اس نے اپنے خاوند کو دی جس پر دونوں نے مل کر اس کاقتل کردیا۔