راجوری//کالاکوٹ سے سیوٹ براستہ سولکی تک کی مرکزی سڑک خستہ حالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے مقامی لوگوں نے اس سڑک کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر اس پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد کے سفر میں آسانی ہو۔یہ سڑک جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ کی اہم متبادل سڑک ہے اور زیادہ تر لوگ ہائی وے پر جاری اپ گریڈیشن کے کام کے درمیان جموں اور راجوری کے درمیان سفر کرنے کیلئے اس سڑک پر چلتے ہیں۔سڑک کا آدھا حصہ پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول میں ہے اور آدھا حصہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے کنٹرول میں ہے۔سڑک کالا کوٹ کے ساتھ ساتھ تحصیل سیوٹ کے درجنوں دیہاتوں کو بھی جوڑتی ہے جبکہ اس سڑک سے ایک درجن سے زائد دیگر لنک سڑکیں شروع ہوتی ہیں۔کالاکوٹ سولکی سیوٹ سڑک خستہ حالی کا شکار ہے اور لوگوں نے جموں و کشمیر حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑک کی فوری مرمت کے لئے ضروری اقدامات کرے اور اسے دو لین والی سڑک کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے لئے ایک نیا پروجیکٹ بھی تیار کرے۔
ساحل شرما نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ’راجوری نوشہرہ شاہراہ پر تعمیر اتی کام چلنے کی وجہ سے لوگ مذکورہ رابطہ سڑک سے سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں تاہم سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات مزید بڑھتی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس اہم سڑک کو درست کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت ہے ۔دوسری جانب محمد عمر کا کہنا تھا کہ اس سڑک پر بڑے بڑے گڑھے، ڈھیلی سطح اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث مسافروں کو اس سڑک پر سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ اس سڑک کو ایک اہم سڑک کے طور پر لے کرعام لوگوں کو متبادل سڑک کے طورپر سہولیت فراہم کی جائے ۔دوسری طرف کالاکوٹ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی چاہتی ہے کہ اس سڑک کو بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے حوالے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس مطالبے کو لے کر درجنوں احتجاجی مظاہرے کئے گئے لیکن کسی نے اس کی شنوائی نہیں کی۔رابطہ کرنے پر ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ اس سڑک سے متعلق معاملہ پہلے ہی انتظامیہ کے علم میں ہے اور ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔