کاغذی ریکارڈ میں موجود پانی کنکشن کی بھی فیس

مینڈھر //مینڈھر میں محکمہ پی ایچ ای پانی کی سپلائی میں تو بری طرح سے ناکام ثابت ہواہے تاہم اس نے لوگوں کوان کنکشنوں کے بل بھی بھیج دیئے ہیں جو محض کاغذی ریکارڈ میں ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ہر ایک گائوں میں کئی ایسے گھر موجود ہیں جن کیلئے پینے کا صاف پانی کا ایک کنکشن فراہم کیا گیاہے لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ کی طرف سے ہر ایک گھر کا کنکشن کرکے بل بھیج دیا گیا ہے ۔عوام نے کہاکہ محکمہ تعمیر ات عامہ کی جانب سے اسمبلی حلقہ مینڈھر میں پانی کی فراہمی کو ماہانہ بنیادوں پر یقینی ہی نہیں بنایا جا رہاہے جبکہ اس کے باوجود بھی ہزاروں روپے کے بل لوگوں کے گھروں میں ارسال کردئیے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہروں کی طرز پر کئے گئے کنکشنوں کا وہ لو گ کرایہ دے سکتے ہیں جن کے گھروں میں روزانہ کی بنیادوں پر پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم متعلقہ محکمہ کے ملازمین دیہاتوں میں اپنی ڈیوٹی ہی انجام نہیں دیتے ہیں جبکہ لوگوں کے کنکشن کر کے متعلقہ محکمہ کی جانب سے نا انصافی کی گئی ہے ۔محکمہ پی ایچ ای کی اعلیٰ انتظامیہ کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے محمد شریف ،صابر خان ،اشتیاق احمد اور طارق خان نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے مارچ ماہ میں ہر ایک گھرمیں پانی کے بل ارسال کر دئیے گئے ہیں جبکہ دیہی علا قوں میں پانی کی سہولیات ہی فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ دیہی علا قوں میں کئی ایک ایسے گھر موجودہیں جہاںپر صرف ایک ہی جگہ سے متعدد گھر پینے کا پانی بھرتے ہیں لیکن مذکورہ محکمہ کی طرف سے سبھی گھروں کے شہری طرز پر کنکشن کئے گئے ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دیہی علا قوں میں پانی کی فراہمی کو یقینی بناتے تک ان کنکشنوں کو کاٹا جائے ۔اس سلسلہ میںمتعلقہ محکمہ کے ایگز یکٹو انجینئر نے کہاکہ جن لوگوں کے ناجائز کنکشن ہوئے ہیں ان کنکشنوں کو کاٹ دیا جائے گا ۔انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ متعلقہ جونیئر انجینئر کے پاس اس سلسلہ میں شکایت درج کروائیں تاکہ مزید کاروائی عمل میں لائی جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کا کرایہ وہ لوگ دینگے جن کے گھروں میں کنکشن ہیں۔