ارشاداحمد+اشفاق سعید
گاندربل// گاندربل اور کرناہ کے متعدد علاقوں میں بدھ کی شام بارشیں ہونے اور اولے گرنے سے مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔گاندربل کے متعدد علاقوں جن میں، منیگام، بنہ ہامہ ،لار ،ولی وار، گوٹلی باغ، ورپش، نونر، اندون، آرہامہ ،یارمقام ،وسن ،بونہ زل،ہاری پورہ سمیت سب ڈویڑن کنگن کے متعدد علاقے شامل ہیں، میں بدھ کی شام نماز مغرب کے بعد 7بجکر 35 منٹ پر اچانک آسمان پر کالے بادل چھا گئے جس کے ساتھ ہی بارشی شروع ہوگئی، جس کے فوراً بعد مسلسل 25 منٹ تک اولے گرے جس کے نتیجے میں کسانوں اور کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی کسانوں نے اس بارے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کی شام موسلادار بارشیں اور اولے گرنے سے گلاس، ناشپاتی، انگور، سیب اور سبزی کی پنیری کو زبردست نقصان پہنچا۔گوٹلی باغ کے مقامی کسان منظور احمد خان نے بتایا کہ بدھ کی شام نماز مغرب کے بعد آدھا گھنٹہ تیز رفتار بارشیں اور اولے گرنے سے گوٹلی باغ میں گلاس کی فصل کو زبردست نقصان پہنچا.۔
گوٹلی باغ میں پچھلے ایک دو روز سے ڈبل گلاس قسم کی فصل تیار ہوکر بازار میں لانے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم بدقسمتی سے بدھ کی شام موسلادھار بارشیں اور اولے گرنے سے گلاس کی فصل کو زبردست نقصان ہوا۔ادھرکرناہ کے بالائی علاقوں میں شدید ژالہ باری سے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا۔بدھ شام دیر گئے موسم میں اچانک کروٹ بدلی اور کرناہ کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں ہوئیں جبکہ نہچیاں،حاجی ناڑ باغ بالا،کچاڑیاں گومل شمس پورہ ابد کہنیاں بڑوں میں شدید ثالہ باری ہوئی ،جس سے میوہ باغات اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ سبزیوں کے کھیتوں میں بھی ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔ادھر بارشوں کا سلسلہ ابھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کسان اور باغ مالکان کا کہنا ہے کہ سال کے اس موسم میں ژالہ باری سے مختلف اقسام کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے جبکہ میوہ باغات میں بھی فصلوں کے ساتھ ساتھ درختوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔