بانہال // ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن شمشادہ شان نے بدھ کے روز سب ڈویژن رامسو کا دورہ کیا اور ڈاک بنگلہ رامسو میں ایک عوامی میٹنگ کا انعقاد کیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی اور چیئرپرسن کو اپنی مشکلات اور مسائل سے آگاہ کردیا۔مقامی لوگوں نے چیئرپرسن کو بتایا کہ فورلین تعمیراتی کمپنیوں میں مقامی لوگوں کو روزگار سے محروم رکھا گیا ہے اور بیرون ریاستوں اور علاقوں سے لائے جارہے افراد کو یہاں ملازمت فراہم کی جارہی ہے۔ لوگوں نے ڈی ڈی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشادہ شان کو بتایا کہ فورلین اور ریلوے تعمیراتی کمپنیاں لیبر قوانین کی سراسر خلاف ورزیاں کررہی ہیں اور کام پر لگائے گئے ہنر مند اور غیر ہند مندوں کو بہت کم اجرتیں دیںجارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے نقصانات کیلئے معاوضے کی فراہمی اور باز آبادکاری میں مسلسل تاخیر کی جارہی ہے۔عوامی مسائل سننے کے بعد ڈاکٹر شمشادہ شان نے اپنے خطاب کے دوران فورلین اور ریلوے تعمیراتی کمپنیوں میں مقامی لوگوں کو روزگار فراہم نہ کرنے کیلئے تعمیراتی کمپنیوں اور ضلع انتظامیہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کمپنیوں کی طرف سے مقامی لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے گورنر انتظامیہ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر کمپنیوں کی تنقید کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یک جٹ ہوکر اپنے حقوق کیلئے لڑیں اور پوری ضلع ترقیاتی کونسل انکے ہمراہ شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے تعمیر وترقی کے بارے میں بھی لوگوں سے تبادلہ خیال کیا۔