جموں//جموں و کشمیر میں ڈی ڈی سی کے اولین انتخابات کے پہلے مرحلے میں 3.62 لاکھ افراد نے اپنے ووٹ کااستعمال کیا جبکہ مجموعی طور پر پولنگ کی شرح51.76 فیصد رہی ۔ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما نے جموں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ ڈی ڈی سی اور پنچایت ضمنی انتخابات میں حصہ لیا اور جموں و کشمیر میں تشدد کا کوئی واقعہ نہیں ہوا ۔ شرما نے بتایا کہ کولگام کے ایک پولنگ اسٹیشن میں صرف ایک واقعہ پیش آیاجہاں ایک بچے نے پتھر پھینکا تھا۔انہوں نے بتایاکہ43 ڈی ڈی سی انتخابی حلقوں میںپہلے مرحلے میں 7 لاکھ ووٹرز میں سے پولنگ کی مجموعی تعداد 51.76 رہی۔شرما نے کہا کہ انتخابات میں مجموعی طور پر 3.62 لاکھ نے ووٹ ڈالے جن میں 1.93 لاکھ مرد اور 1.69 لاکھ خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 3.2 لاکھ ووٹرز میں سے جموں میں 2.12 لاکھ اور کشمیرمیں 1.50 لاکھ افراد نے اپنا ووٹ دیا۔شرما نے بتایاکہ جموں صوبہ میںووٹنگ کی شرح 64.2 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ کشمیر میں یہ شرح 40.65 فیصد تھی۔انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ ووٹنگ ضلع ریاسی میں ہوئی جہاں اس کی شرح 74.6 فیصد رہی۔ اس کے بعد ضلع راجوری میں 70.52 فیصداور ضلع پونچھ میں 68.69 فیصد جبکہ سانبہ میں 68.6 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں سب سے زیادہ پولنگ ضلع بڈگام میں ہوئی جہاں 56.96 فیصدرائے دہندگان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا،اس کے بعد کپوارہ میں 50.74 فیصد ووٹنگ ہوئی جبکہ گاندربل میں 48.62 فیصد نے ووٹ ڈالے۔جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں پولنگ کا تناسب 42.58 فیصد رہا۔ شرما نے کہا کہ ڈی ڈی سی پہلے مرحلے کے تحت کشمیر کے 25 اور جموں کے 18 حلقوں پر مشتمل 43 حلقوں میں پولنگ کی گئی۔ ڈی ڈی سی ووٹوں کی گنتی 22 دسمبر 2020 کو ہوگی۔پنچایت ضمنی انتخاب کے حوالے سے شرمانے بتایا’’پنچایت ضمنی انتخابات کی ووٹنگ کا تناسب مرتب کیا جارہا ہے اور ضمنی انتخاب (پنچایت) کی گنتی آج ہوگی‘‘۔ پہلے مرحلے کی پولنگ کے لئے 2 ہزار 6 سو 44 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں 1 ہزار 4 سو 75 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی جن میں سے 296 امیدواروں نے جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد ہونے والے ڈی ڈی سی انتخابات میں حصہ لیا۔ ان امیدواروں میں سے 172 کا تعلق کشمیر جبکہ 124 کا تعلق جموں سے ہے ۔آٹھ مرحلوں پر محیط اس پولنگ کا سلسلہ 19 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا جبکہ 22 دسمبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
ایگزٹ پول پر پابندی عائد
نیوزڈ یسک
سرینگر// الیکشن کمیشن نے ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کے دوران’’ ایگزٹ پول‘‘ پر پابندی عائد کردی۔ جموں و کشمیر کے اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ہفتے(سنیچر) کے روز ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے جموں وکشمیر میں8مراحل میں کرائے جارہے ڈی ڈی سی انتخابات کے اختتام تک’ ایگزٹ پول‘ کے انعقاد پر پابندی عائد کردی۔ اس سلسلے میں جاری کردہ ایک آرڈر میں ، الیکشن کمشنرکے کے شرما نے اس طرح کے کسی بھی ایگزٹ پول کے انعقاد اور اس کی پرنٹ میں اشاعت پر یا الیکٹرانک میڈیا کے ذریعہ منظرعام پرلائے جانے پر پابندی عائد کردی۔حکمنامہ میں کہاگیاہے کہ 28نومبر کوپہلے مرحلے میں 43حلقوں میں ووٹنگ ہونے سے لیکر19دسمبر کوہونے والے آٹھویں اورآخری مرحلے تک جموں وکشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات کے حوالے سے کسی بھی طرح کے ’ایگزٹ پول‘پر مکمل پابندی عائد رہے گی ۔حکام نے بتایاکہ پرنٹ یاالیکٹرانک میڈیا بشمول سوشل میڈیا پر ’ایگزٹ پول‘ممنوع عمل رہے گا۔