ڈی سی کا معائنہ، بحالی کا کام تیز کرنے کی ہدایت

رام بن//ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ڈی ڈی سی کونسلر شمیم اختر کے ساتھ 7 کلومیٹر پر کنگا-گاندھری روڈ کے ڈھہ جانے والے حصہ کا دورہ کیا جو حالیہ مسلسل بارش کی وجہ سے تباہ ہوگیاہے۔ڈپٹی کمشنر نے گاندھری بلاک کو روڈ لنک کے ذریعے ضلع ہیڈکوارٹر سے جوڑنے کے لیے ایک مقررہ وقت میں بحالی کے کام کی نگرانی کے لیے تحصیلدار رام بن کو نوڈل افسر کے طور پر تعینات کیا ہے۔ڈی سی نے ایگزیکٹیو انجینئر تعمیرات عامہ کو ہدایت کی کہ وہ 300 میٹر طویل ڈھہ جانے والی سڑک کی بحالی کا کام شروع کریں جو حالیہ شدید بارشوں کے دوران متاثر ہوا تھا۔ڈی سی نے ڈوویژنل فارسٹ آفیسر بٹوت کو سڑک کے دھنسنے کی وجہ سے جڑ سے اکھڑ گئے تمام درختوں کو ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔ایگزیکٹیو انجینئر جے پی ڈی سی ایل نے ڈی سی کو بتایا کہ گاندھری بلاک کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی ہے اور ملبہ اور گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے کے بعد بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا جائے گاایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی محکمہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ تباہ شدہ واٹر سپلائی اسکیموں کی بحالی کا کام شروع کریں۔ڈی ڈی سی کونسلرگاندھری کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ ضلع انتظامیہ بحالی کے کاموں اور ضروری سپلائی کی پوزیشن کی نگرانی کر رہی ہے اس کے علاوہ ترسیل کے ذریعے ضروری سامان کی فراہمی کا انتظام کر رہی ہے۔