ڈی سی کا انوکھی فال علاقہ کا دورہ

 رام بن //ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز بٹ نے جمعہ کے روز پیدل چل کر انوکھی فال علاقہ کا دورہ کیااور ذاتی طور سڑک سے پسیاں ہٹانے کی نگرانی کی۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک سریش کمار ،ڈپٹی ایس پی اصغر ملک اور سول و پولیس کے سینئر افسراں اور تعمیراتی ایجنسیوںکے نمائندوںنے رام بن سے بانہال تک متعدد مقامات پر سڑک صاف کرنے اور درماندہ مسافروں کے ٹھہرنے کے لئے معقول انتظامات کی نگرانی کی۔اس موقعہ پر ڈی سی نے تمام درماندہ مسافروں کو کھانا مہیا کرنے کے علاوہ مقرر کردہ مقامات پر رات کو ٹھہرانے کی یقین دہانی کی۔انہوںنے مسافروں سے اپنا سفر شروع کرنے سے قبل کنٹرول روم سے رابطہ کرنے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ 270کو میٹر لمبی قومی شاہراہ انوکھی فال، رام بن میں پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی ہے، جس کے بعدا نتظامیہ نے فوری طور سے سڑک کو صاف کرنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ڈی سی نے متعلقہ ایجنسیوں سے قومی شاہراہ پر سے پسیاں ہٹانے کے لئے فوری طور سے معقول افرادی قوت اور مشینری کو فعال بنانے کی ہدایت دی، تاکہ قومی شاہراہ کو بحال کیا جا سکے۔ڈی سی نے ایس ڈی ایمز اور تحصیلداروں کو درماندہ مسافروں کے لئے کھانے اور صحت و صفائی کے انتظامات کے علاوہ دیگر لازمی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔