عظمیٰ نیوزسروس
پونچھ// ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے چائلڈ کیئر انسٹی ٹیوٹ فار گرلز’پریشا‘ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بچیوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائزہ لیا۔بتا دیں کہ ادارے میں فی الحال 38 لڑکیاں رہائش پذیر ہیں اور اس دورے کا مقصد انہیں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے ان کی مجموعی صحت کو یقینی بنانا ہے۔اس دوران ڈی سی نے انسٹی ٹیوٹ کا تفصیلی دورہ کے دوران تمام اقدامات معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سہولیات مطلوبہ معیارات پر پوری اترتی ہیں۔ انہوں نے فوڈ روسٹر کا مکمل جائزہ لیا، غذائیت کے معیارات کی جانچ کی اور باورچی خانے میں حفظان صحت کے سخت پروٹوکول کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے بچیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک اور تعلیمی وسائل دونوں میں فوری بہتری کے لئے ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر، پونچھ کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی۔ اپنے دورے کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے لڑکیوں کی ہمہ جہت ترقی کو فروغ دینے کے لئے اسکل ڈویلپمنٹ اور کھیلوں کی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بچیوں کے ساتھ بات چیت کی، جنہوں نے جوش و خروش سے بات کرتے ہوئے اپنے خدشات، خواہشات اور ضروریات کا اشتراک کیا۔ لڑکیوں نے خاص طور پر اپنی پڑھائی میں مدد کے لیے وائی فائی تک رسائی کی درخواست کی اور ڈی سی نے درخواست کو فوری طور پر حل کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ڈپٹی کمشنر نے ادارے کے عملے سے بھی بات چیت کی جہاں انہوں نے تعلیم کے معیار اور دیگر معاون خدمات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تعلیمی ماحول میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ لڑکیوں کو ترقی اور سیکھنے کے بہترین مواقع ملیں۔ ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل بھٹ اور ڈسٹرکٹ ٹیکس آفیسر قر العین سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔