نئی دہلی //ڈائریکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات جے اینڈ کے وی کے سنگھ نے نئی دہلی میں قائم تہاڑ جیل کا دورہ کیا اور جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ وی کے سنگھ نے ڈائریکٹر جنرل تہاڑ اجے کشپ سے ملاقات کی اور جیل کی انتظامیہ کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا ۔ انہوں نے تشکیل شدہ دہلی پرزن رولز 2018 کے مقاصد پر سیر حاصل بحث کی ۔ بعد میں ڈی جی پی نے جیل میں قائم کئی یونٹوں کا معائنہ کیا جن میں کارپنٹری ، ویونگ ، کاغذ ، اپرل ، کیمیکل ، بیکری اور مصالحہ جات تیار کرنے کے یونٹ شامل ہیں ۔ انہوں نے جیل نمبر چار میں سکول آف آرٹ کا بھی معائنہ کیا ۔ انہوں نے تہاڑ جیل کو ڈیجیٹائیزیشن کے دائرے میں لانے کے بارے میں بھی غور و خوض کیا ۔ ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات نے کہا کہ تہاڑ جیل قیدیوں میں اصلاح کرنے اور انہیں بہتر زندگی فراہم کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات انجام دے رہا ہے ۔