عظمیٰ نیوزسروس
شوپیان//شوپیان میں سابق سرپنچ کی ہلاکت اور پہلگام میں سیاحوں پر فائرنگ واقعہ کے بعدپولیس سربراہ آر آر سوین نے اتوار کو شوپیان پولیس ہیڈکوارٹر کادورہ کرکے سینئرپولیس ونیم فوجی وفوجی افسروں کے ساتھ حفاظتی صورتحال کاایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔میٹنگ میں دشمن کے منصوبوں اور ان کے ایجنٹوں کے ناپاک عزائم جن سے وہ اقتصادی سرگرمیوں کوزک پہنچاکرروزگار اور آمدن کونقصان پہنچاناچاہتے ہیں ،کاجائزہ لیاگیا اوران کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔پولیس سربراہ کے ہمراہ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی،ڈی آئی جی جنوبی کشمیرالطاف احمدخان نے پہلگام میں خصوصی طور رات کے دوران چیکنگ کارروائیوں پرتبادلہ خیال کیا۔پولیس سربراہ نے بالائے زمین ورکروں اور کچھ دہشت گردوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کاوعدہ کیا جو غیرمقامی دہشت گردوں کی مختلف طریقوں سے مددکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی کوقائم رکھنے کیلئے ان عناصر کی سرکوبی کی جائے گی اور عوامی مفاد کوہرحال میں تحفظ فراہم کیاجائے گا۔حفاظتی حاکموں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اقامت،ٹرانسپورٹ ،خوراک اور فون سہولیات فراہم کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ ادھر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر ( امن وقانون ) وجے کمار نے سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل کے ہمراہ شوپیان اور اننت ناگ کا دورہ کرکے وہاں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور حملوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کرلی ۔انکے ہمراہ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایس ایس پی اننت ناگ اور دیگر سینئر افسران تھے، تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔دریں اثنا، آئی جی پی سی آر پی ایف کے گنیندر ورما اور ڈی آئی جی آلوک اوستھی نے ہیر پورہ شوپیان کا دورہ کیا ۔