ڈی جی جیل خانہ جات کا جنوبی کشمیر کی جیلوں کا معائنہ

 سرینگر// سرمائی دارالحکومت جموں کے زنداں خانوں کے بعد ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دلباغ سنگھ نے وادی کی جیلوں کا معائنہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا۔  جموں کے کوٹ بلوال،ادھمپور، کھٹوعہ اور دیگر جیلوں کا دورہ کرنے کے بعد دائریکٹر جنرل جیل خانہ جات دلباغ سنگھ نے پیر کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور اسلام آباد(اننت ناگ) جیلوں کا دورہ کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات کے ہمراہ ڈی آئی جی جیل خانہ جات ڈاکٹر محمد سلطان لون،ایس ایس پی اسلام آباد(اننت ناگ) اور دیگر اعلیٰ پولیس آفسران بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل پرزنز نے زندان خانوں میں سیکورٹی کی صورتحال کے علاوہ موجودہ ڈھانچے اور انتظام کا بھی جائزہ لیا،جبکہ انہوں نے جیل کے اندرون و بیرون دورہ کرتے ہوئے نظر بندوں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق دلباغ سنگھ نے نظر بندوں کے جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے موقعے پر ہی ہدایت دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں ڈی جی جیل خانہ جات نے پلوامہ کے خصوصی جیل کا بھی معائنہ کیا۔اور وہاں بھی انتظامات اور سیکورٹی کا جائزہ لیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس موقعہ پر اعلیٰ سطحی خصوصی جائزہ میٹنگ بھی طلب کی گئی،جس میں ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امت کمار،ڈی آئی جی جیل خانہ جات ڈاکٹر محمد سلطان لون،ایس ایس پی پلوامہ محمد اسلم،ایڈیشنل ایس پی پلوامہ چندن کوہلی کے علاوہ ڈپٹی سپر انٹنڈٹ آف پولیس ظہر عباس، فہیم علی کے علاوہ ڈی ایس پی سیکورٹی نے بھی شرکت کی۔ ابو حنظلہ کے صدر اسپتال سے فرار ہونے کے بعد ریاست کی جیلوں کی سیکورٹی کو برے پیمانے پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔