ڈی آئی جی جنوبی کشمیر نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

سرینگر//امر ناتھ یاترا 2019کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور سیکورٹی فورسز کے مابین آپسی تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کی خاطر ڈی آئی جی جنوبی کشمیر اتل گوئل کی سربراہی میں ڈاک بنگلہ اننت ناگ میں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی اننت ناگ الطاف احمد خان ، آرمی ، پولیس اور دوسرے سینئر آفیسران بھی موجودرہے۔ ڈی آئی جی نے اس موقع پر افسران پر زور دیا کہ وہ فرائض کی انجام دہی کے دوران مستعد رہے اور دوسری سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل بنائے رکھیں۔ میٹنگ منعقد کرنے کا مدعا و مقصد سیکورٹی فورسز کو زمینی سطح پر صورتحال سے آگاہی اور امن و قانون کی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ یاتریوں کو تمام تر سہولیات بہم رکھنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران لوگوں کا تعاون طلب کیا جائے ۔اس موقع پر پولیس افسران نے ڈی آئی جی جنوبی کشمیر کو ضلع کی سکیورٹی صورتحال اور امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں کئے جا رہے خصوصی اقدامات کے متعلق مفصل و مدلل جانکاری فراہم کی۔