عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضروری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات میں جوابدہی کو برقرار رکھنے کے فیصلہ کن اقدام میں ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے درہال کے بلاک میڈیکل آفیسرکو سب ڈویژن ہسپتال درہال میں اچانک معائنہ کے بعد معطل کر دیا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ موسم سرما کی تیاریوں کے جائزے کے سلسلہ میں آفیسر موصوف نے ہسپتال کا اچانک دورہ کیا تاہم اس دوران ہسپتال کا پورا عملہ- سوائے ایک ڈاکٹر اور ایک ٹیکنیشن کے ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا، جس سے خطے میں صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کی فراہمی کے بارے میں خدشات پیدا ہوئے، خاص طور پر موسم سرما کے قریب آتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئےڈپٹی کمشنر نے بی ایم او درہال کو معطل کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر راجوری کے دفتر سے منسلک کرنے کا حکم دیا۔سی ایم او راجوری کو علاقے میں بلاتعطل صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو یقینی بنانے کے لئے اگلے احکامات تک بی ایم او درہال کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کے لئے ڈاکٹر راج کمار تھاپا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر راجوری کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں تین دن میں جامع انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے خاص طور پر سردیوں کے نازک مہینوں میں موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ کے عزم پر زور دیا اور خبردار کیا کہ عوامی بہبود کو متاثر کرنے والی کسی بھی غفلت کے سخت نتائج برآمد ہوں گے۔