پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں تعینات 112کنسلٹنٹ سرجنوں، سپیشلسٹوں اور میڈیکل افسروں کو ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں نوکری سے برطرف کردیا ہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے سوموار کو جاری کئے گئے4 حکم ناموں میں بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں اور ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی جانب سے بار بار نوٹس کے بائوجود مذکورہ ڈاکٹر ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہے ۔ حکم ناموں میںکہا گیا ہے کہ غیر حاضر ڈاکٹروںنے نہ تو نوٹسوں کا جواب دیا اور نہ ہی وہ ڈیوٹی پر حاضر ہوئے ، اسلئے جموں و کشمیر سیول سروسز ایکٹ 1956کے رول21(1)کے تحت ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں غیر حاضر ڈاکٹروں کو نوکری سے طرف کیاگیا۔ جموں و کشمیر سرکار کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 418کے تحت8ڈاکٹروں،حکم نامہ زیر نمبر 19کے تحت 35،حکم نامہ نمبر 420کے تحت 12 جبکہ حکم نامہ نمبر 421کے تحت 57ڈاکٹروں کو نوکری سے برطرف کیا گیا ہے۔ نوکری سے برطرف کئے گئے 112ڈاکٹروںمیں سے کشمیر سے 36جبکہ جموں صوبے سے 76ڈاکٹر شامل ہیں۔