عاصف بٹ
کشتواڑ//ڈیموکریٹک آزاد پارٹی نے منگل کو کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے لیے لڑتی رہے گی۔ کشتواڑ میں یوتھ کنونشن اور احتجاجی ریلی کے دوران نوتعینات وائس چیئرمین جی ایم سروڑی، جنرل سکریٹری آر ایس چِب، صوبائی صدر جموں جگل کشور شرما، ورکنگ کمیٹی کے رکن اسلم گونی، ترجمان اعلیٰ سلمان نظامی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چناب وادی ایک تباہ کن صورتحال ہے۔
قدرتی وسائل سے مالا مال خطہ ہے لیکن یہاں کے لوگ معاشی فوائد سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں نے خطے کا استحصال کرنے کی تمام کوششیں کیں لیکن کبھی بھی اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام نہیں کیا۔سروڑی نے کہا”یہاں بجلی کے کچھ بڑے منصوبے کام کر رہے ہیں۔ حکومت اس سے بھاری رقم کما رہی ہے۔ ان پروجیکٹوں میں مقامی لوگوں کو کام کرنا چاہیے تھا تاکہ وہ بھی معاشی طور پر خوشحال ہو سکیں لیکن بدقسمتی سے ایسا کچھ نہیں ہوا” ۔انہوں نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو اس نے ہر مقامی نوجوان کو ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہے۔سروڑی نے کہا کہ جہاں اس وقت ڈیجیٹل انڈیا کی بات کی جاتی ہے وہیں بجلی کی کٹوتی چھ سے آٹھ گھنٹے کی جاتی ہے جبکہ ماہانہ بجلی کا کرایہ 90 فیصدبڑھاکر ہزار و دوہزار روپے کیا گیا ہے، بیروزگاری عروج پرہے اور نوجوانوںکوروزگارنہیں دیاجارہا ہے۔انہوںنے کہا کہ پاور پروجیکٹوں کے لینڈ لوزر کو نوکری فراہم کرنے کے بجاے ان پر مقدمے درج کئے گئے، یہ سرکاری کی نااہلی ہے۔ انھوں نے کہاکہ جب ضلع میں ڈل ہستی پاور پروجیکٹ بناتھا اسوقت تیرہ ہزار نوجوانوں کو روزگار ملاتھا لیکن آج پانچ پروجیکٹ ہونے کے باوجود بھی روزگار نہیںہے۔ انھوں نے کہا کہ جلداز جلد نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جاناچاہئے۔ آر ایس چب نے کہا کہ ’’ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کابنیادی ایجنڈا لوگوں کی زمین اور ملازمت کے حقوق کو محفوظ بنانا ہے۔ ہم نہ صرف ان حقوق کے لیے لڑینگے بلکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو جذب کرنے کے لیے سرکاری اور نیم سرکاری شعبوں میں تمام آپشنز تلاش کرینگے ‘‘۔جگل کشور نے کہا کہ وادی چناب ڈی اے پی کے ایجنڈے کا مرکز ہے اور اس کے لوگوں کو خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ساتھ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ انتظامیہ میں کوئی اقربا پروری نہ ہو کیونکہ پاور کوریڈورز میں اثر و رسوخ رکھنے والے لوگوں کو نوکریوں اور دیگر مراعات سے نوازا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی اے پی میرٹو کریسی کو فروغ دے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کوئی بھی صحیح شخص اپنے حقوق سے محروم نہ رہے ۔ترجمان اعلیٰ سلمان نظامی نے کہا ’’جب حکومت کو لوگوں کو کسی قسم کا ریلیف فراہم کرنا چاہیے تھا، تو اس نے بجلی کے نرخوں میں مسلسل غیر اعلانیہ کٹوتیوں کے ساتھ اضافہ کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت لوگوں کے مصائب سے پریشان نہیںہے”۔نظامی نے کہا کہ جب بھی انتخابات ہوتے ہیں لوگوں کو انتخابات میں حصہ لیناچاہئے اور ڈی اے پی کو بڑی تعداد میں ووٹ دینا ہونگے تاکہ عوام کی یہ جماعت اقتدار میں آجائے۔ اگر ہم اسی حکومت کے تحت رہتے رہے تو ہمیں مزید مصائب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس لیے لوگ آج سے صرف الیکشن کی تیاری کریں اور ڈی اے پی میں شامل ہوں‘‘۔ یوتھ کنونشن کا اہتمام ڈی اے پی کے ترجمان شارک سروڑی، ضلع صدر کشتواڑ شبیر لون اور ڈی اے پی کے ایڈیشنل ترجمان رندیپ بھنڈاری نے کیا۔ پروگرام کے اختتام کے بعد ڈاگ بنگلو چوک میں مہنگائی، بیروزگاری ،بجلی ،پانی و سڑک کو لیکر زوردار احتجاج کیا گیااور سرکار و انتظامیہ کے خلاف جم کرنعرے بازی کی گئی۔