راجوری // راجوری ضلع کے حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر صارفین بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کی ناقص سروس سے شدید پریشان ہو گئے ہیں ۔صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ضلع کے حدمتارکہ کے نزدیک ڈھونگی علاقہ میں بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کی جانب سے ایک ٹاور نصب کیا گیا ہے لیکن اس سے صارفین کو انتہائی ناقص سروس فراہم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ حد متارکہ کے نزدیکی علاقوں میں صارفین کے پاس ایمر جنسی کے اوقات میں اپنے رشتہ داروں کیساتھ رابطہ قائم کرنے کیلئے صرف مذکورہ سروس ہی دستیاب ہے تاہم اس میں آنے والی خرابی تار بندی کے اندر اور باہر لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سروس میں آنے والی خرابی کی وجہ سے حد متارکہ کے نزدیک کئی دیہات میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ مواصلاتی کمپنی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سروس میں بہتری لا کر ان کو سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔