مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژ ن کے ڈھرانہ تا اپر گوہلد جارہی 6کلو میٹر سڑک ٹرانسپورٹروں و مکینوں کیلئے درد سر بن گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک پر محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت 8ماہ قبل تار کول بچھائی گئی تھی لیکن اس تعمیر اتی کام میں انتہائی ناقص مٹریل کا استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے سڑک آٹھ ماہ میں ہی کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں میں اب پانی جمع ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو بھی کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے ایک وسیع سرحدی آبادی کو فائدہ پہنچ رہا تھا لیکن متعلقہ محکمہ و اس کے ملازمین کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے سڑک کو معیاری تعمیر ہی نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر اور بچھائی گئی تار کول کا جائزہ لے کر متعلقہ ٹھیکیدار اور محکمہ کے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔