اشرف چراغ
کپوارہ// گورنمنٹ ڈگری کالج کرالہ پورہ میںمیں ابھی تک زیر تعلیم طلبہ اور عملہ کیلئے پینے کا پانی دستیاب نہیں ہے جبکہ بجلی اور سڑک بھی کالج کا ایک اہم مسئلہ ہے ۔پی ڈی پی سرکار نے 2017میں گورنمنٹ ڈگری کالج کرالہ پورہ قائم کرنے کا اعلان کیا جوعوام کی ایک دیرینہ مانگ تھی ۔کالج منظور کرنے کے بعد یہا ں کے لوگو ں کو کافی خوشی ہوئی کیونکہ کیرن ،بڈنمل ،چوکی بل،مارسری ،کاچہامہ ،فرکن ،وارسن گزریال سمیت دیگر دور دراز علاقوں کے طلبہ کو راحت ملی ۔کالج قائم کرنے کے لئے انتظامیہ نے کرالہ پورہ میں قائم ایک مڈل سکول میں طلبہ کا داخلہ شروع کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ڈگری کالج کیلئے مکمل بنیادی ڈھا نچے کیلئے دردسن میں زمین کی نشاندہی کی گئی جس کے بعد کالج کی عمارت پر کام شروع کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کا مطابق انتظامیہ نے طلبہ کیلئے عارضی انتظامات کئے اور سکول کو دردسن میں تعمیر کئے گئے عارضی شیڈوں میں منتقل کیا گیا ۔کالج میں اس وقت 100 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں لیکن ان کے لئے بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئی۔مقامی لوگو ں اور طلبہ کا کہنا ہے کہ سکول میں پینے کے پانی کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے یہ معاملہ کئی سالو ں سے التواء میں ہے جبکہ کالج کو بجلی سپلائی سے بھی محروم رکھا گیا جس کی وجہ سے زیر تعلیم طلبہ اور عملہ کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔طلبہ کے مطابق کالج کیلئے کسی پختہ سڑک کا انتظام بھی نہیں ہے۔طلبہ کا کہنا ہے کہ گرمیوں میں پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے 20روز بعد ایک ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن اس پانی کے ٹینکر سے ان کی ضروریات پوری نہیں ہوتی ہیں نتیجے کے طور وہ پانی کی ایک ایک بوند کیلئے ترس رہے ہیں ۔طلبہ کا کہناہے کہ بجلی اور سڑک دور کی بات ہے ۔طلبہ کا مزید کہنا ہے کہ کالج کیلئے متعدد عمارتیں زیر تعمیر ہیں اور انہیں مکمل کرنے کی سخت ضرورت ہے جبکہ کالج جنگل کے نزدیک قائم ہے جہا ں اکثر و بیشتر جنگلی جانورو ں کا خوف رہتا ہے اور ا س کے لئے کالج کے ارد گرد دیوار بندی ضروری ہے۔اس حوالے سے کالج کے پرنسپل کا کہنا ہے کہ بجلی اور پانی کے علاوہ دیگر سہولیات کا اگرچہ فقدان ہے لیکن محکمہ جلی شکتی پانی فراہم کرنے کیلئے کام کر رہا ہے اور محکمہ بجلی نے بھی بجلی فراہم کرنے کیلئے پہلے ہی تیاری شروع کی ۔انہو ں نے کہا کہ سڑک کے لئے محکمہ آر اینڈ بی نے ایک پروجیکٹ کو منظوری دی اور کالج کی ان تما م ضرورتوں کے لئے وہ انتظامیہ کے ساتھ بر ا بر رابطے میں ہیں اور متعلقہ محکمو ں نے انہیں یقین دلایا کہ کالج میں زیر تعلیم طلبہ کو وہ تمام ضروریات پوری کی جائیںگی جو ایک کالج میں طلبہ کو ہوتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ یہ نیا کالج ہے اور اس کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انتظامیہ سنجیدہ ہے ۔