کشتواڑ//طلباء کو مختلف تعلیمی آپشنز اور مستقبل کے کیریئر کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے کیرئیر کونسلنگ سیل نے ڈگری کالج چھاترو میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر جسونت سنگھ، کنوینر کالج کونسلنگ سیل کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر جمشید احمد کے تعارفی خطاب سے ہوا جس میں انہوں نے کالج کی سطح پر کیریئر کونسلنگ پروگراموں کی ضرورت کا ذکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسابقتی دنیا میں کیرئیر کاؤنسلنگ طلباء کو اپنے پاس موجود کیریئر کے آپشنز کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے اور انہیں اپنے موجودہ کورس یا پیشے کے حوالے سے اپنی خوبیوں اور کمزوریوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ بعد ازاں طلباء کے بہتر مستقبل کیلئے مختلف شعبوں سے مہمانوں کو مدعو کیا گیا، جن میں ذاکر حسین اسسٹنٹ کمشنر پنچایت کشتواڑ، میجر ایل بھاٹیہ 11 آر آر، نعیم اقبال تحصیلدار مغل میدان، تسلیم وانی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر اندروال وپرویز احمد اسٹیشن ہاؤس آفسر چھاترو نے طلباء کے ساتھ بات چیت کی اور اپنے متعلقہ شعبوں پر مبنی لیکچرز دیے اور طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے کیریئر میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اہداف کا تعین کریں اور اعتماد پیدا کریں۔ مقررین نے دور دراز کے کالجوں میں محدود وسائل کے ساتھ اس قسم کے پروگرام منعقد کرنے پر ڈگری کالج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منتظمین کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور مستقبل میں مختلف مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ آخر میں طلباء اور مدعو مقررین کے درمیان ایک انٹرایکٹو سوال جواب سیشن کا اہتمام کیا گیا جو اس دن کی خاص بات تھی۔ طلباء نے اپنے سوالات اور شکوک و شبہات کا اظہار کیا جن کا مہمانوں نے موثر جواب دیا۔
ڈگری کالج چھاترو میں ایک روزہ کیرئیر کونسلنگ ورکشاپ منعقد
