ڈگری کالج پونچھ میں نیشنل گرلز چائلڈ ڈے منایا گیا

حسین محتشم

پونچھ//شعبہ سیاسیات، شکشت بھارت کلب اور این ایس ایس یونٹس شری کرشن چندر گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ نے پرنسپل ڈاکٹر جسبیر کی نگرانی میں ’امن اور ترقی کے لئے لڑکیوں کی تعلیم‘ کے موضوع پر ایک سمپوزیم کا انعقاد کیا۔پروگرام کا آغاز پروفیسر نصرت کے خطبہ استقبالیہ اور خصوصی لیکچر سے ہوا۔انہوں نے شرکاء کو نیشنل گرلز چائلڈ ڈے کی اہمیت سے روشناس کرایا اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح لڑکیوں کی ترقی تمام ترقی کیلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم جرائم کی شرح کو کم کرتی ہے، معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرتی ہے اور پسماندہ خواتین کو بااختیار بناتی ہے اور انہیں اپنے اور اپنے خاندانوں کے لئے بہتر مستقبل بنانے میں مدد دیتی ہے۔انہوں نے کہا تجرباتی مطالعات کی ایک بڑی تعداد نے انکشاف کیا ہے کہ خواتین کی تعلیم میں اضافے سے ان کی اجرت میں اضافہ ہوتا ہے اور یہ کہ خواتین کے لئے تعلیم کی واپسی مردوں کے مقابلے اکثر زیادہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا خواتین کی تعلیم کی سطح میں اضافہ انسانی نشوونما کے نتائج کو بہتر بناتا ہے جیسے بچوں کی بقا، صحت اور اسکولنگ۔اس دوران سمسٹر3 کی طالبات جن میں فائزہ، شازیہ،اظہر اور مرتضیٰ سمیت دیگران نے اپنے خطاب میں مشاہدے اور تفہیم پیش کئے۔ پرنسپل ڈاکٹر جسبیر نے منتظمین کی تعریف کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے اس دن کی اہمیت کے حوالے سے پیغام دیا۔پروفیسر عباسی کی طرف سے فیکلٹی اور شرکاء کے شکریہ کے ساتھ پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔