مینڈھر//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے مینڈھر کے علاقہ دھرانہ میں ایک عوامی دربار لگا کر لوگوں کے مسائل سنے۔ اس دوران ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم مینڈھر ڈاکٹر تنویر احمد خان ،تحصیلدار مینڈھر جہانگیر خان و دیگر افسران بھی تھے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے آبائی گائوں کے لوگوں نے اپنی اپنی مشکلات ان کے سامنے رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی و پانی کی ناقص سپلائی سے انہیں مسائل کاسامناہے ۔علاقہ کے لوگوں نے مزید کہا کہ یہاں پر پانی کی اتنی زیادہ قلت ہے کہ لوگوں کو یا تو گاڑیوں کے ذریعہ پانی منگوانا پڑتا ہے یاکئی کلو میٹر دور سے جا کر کندھوں پر اٹھا کر لانا پڑتا ہے اورمحکمہ پی ایچ ای کی طرف سے چلائی جارہی تمام سکیمیں ناکارہ ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے سرحدی علاقہ میں مزید بنکر بنانے کی مانگ کی ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے تمام مسائل سننے کے بعد علاقہ کے لوگوں کو یقین دلایا کہ پانی کی سکیمیں جلد بحال کی جائیں گی اور پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے متبادل انتظامات کئے جائیںگے ۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ نے علاقہ کے لئے ایک منصوبہ بنایا ہوا ہے جس کی جلد منظوری ہوجائے گی اور پانی کی قلت کا مسئلہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے علاقہ میں دس کچے پیدل پل تعمیر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ اس سرحدی علاقہ میں مزید پندرہ بنکر بنائے جائیں۔اس موقعہ پر انہوں نے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے پر بھی زور دیااور کہا کہ لوگوں کی پریشانیوں کا خاص خیال رکھا جائے گا ۔انہوںنے آفیسران سے کہا کہ لوگوں کے بنیادی معاملات حل کئے جائیں ۔ان کاکہناتھاکہ اگر کسی کوکوئی پریشانی ہوتو وہ انہیں فون کرکے بھی بتاسکتاہے ۔انہوںنے علاقے کی سڑکوں کی مرمت کا بھی یقین دلایا۔مقامی لوگوںنے دربار لگاکر مسائل سننے پر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ۔