ڈپٹی میئر کا شہر کے کئی وارڈوں کاحکام کے ہمراہ دورہ

 سرینگر//سرینگر میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر شیخ محمدعمران نے سوموار کوشہرکاتفصیلی کادورہ کرکے ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور نئی اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی ہدایات دیں۔عمران نے میونسپل حکام کے ہمراہ شہر کے چاروارڈوں کادورہ کیا۔انہوں نے آنچار،صورہ،پنچایت گرائونڈ عمرہیئربژھ پورہ،نشاط،چھتہ بل اور تیل بل علاقوں میں عوام سے بھی ملاقات کرکے انہیں درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہی حاصل کی۔آنچار میں ڈپٹی میئر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ انہیں درپیش مشکلات کو فوری طوردورکیاجائے گا۔انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ عام لوگوں کی سہولیت کیلئے جہاں ضرورت ہو نئی اسٹریٹ لائٹس نصب کریںاورتمام ناکارہ اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کریں ۔پنچایت گرائونڈ عمرہیئر بژھ پورہ میں انہوں نے لوگوں سے وعدہ کیا کہ مقامی لوگوں کی مانگ کے مدنظر یہاں ایک جدید پارک قائم کی جائے گی.۔انہوں نے کہا کہ جدید شہروں میں پارکوں کی ضرورت لازمی ہے اور مستقبل میں میونسپل کارپوریشن شہرمیں کئی پارکیں قائم کرے گی ۔تیل بل کے دورے کے دوران شیخ عمران کو لوگوںنے علاقے میں عوام کو درپیش مشکلات سے باخبر کیا۔ڈپٹی میئر نے موقعہ پر ہی کئی مسائل کوحل کرنے کی متعلقہ حکام کوہدایات دیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ میونسپل کارپوریشن لوگوں کو درپیش مشکلات کاازالہ کرنے کی وعدہ بند ہے ۔شیخ عمران نے چھتہ بل کابھی مقامی محلہ کمیٹی کے اصرار پر تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے اس دوران کہا کہ ہمیں شہر کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے بہلوچی پورہ میں صورہ سے گاندبل تک سڑک پر ناجائزتجاوزات اورتعمیرات کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ناجائزتعمیرات وتجاوزات کو ہٹایاجائے گااورجو بھی اس میں ملوث پایا جائے گااُسے ہرگزبخشانہیں جائے گا۔انہوں نے متعلقہ وارڈ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں کادورہ کرکے جہاں کہیں بھی ناجائز تعمیرات وتجاوزات ہو،انہیں ہٹائیں۔ اس سے قبل جمعہ کو ڈپٹی میئر نے نشاط میںگندگی کو ٹھکانے لگانے کیلئے بیداری مہم کاآغازکیا۔