ڈوڈہ میں 12افراد کے نمونے منفی آئے | راجوری سے 17نمونے حاصل،مزید22 منفی

راجوری+ڈوڈہ //راجوری ضلع سے بدھ کے روز 17نئے نمونے حاصل کئے گئے جبکہ 22اور رپورٹیں منفی آئی ہیں ۔وہیںڈوڈہ ضلع کے 12مزید ایسے افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے جن کو مشتبہ مریضوں کے طور پر کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قائم کئے گئے قرنطینہ مراکز میں رکھاگیاتھا۔ محکمہ صحت کے مطابق ضلع راجوری میں اب تک 205نمونے حاصل کئے گئے ہیں جن میں سے 3مثبت آئے ہیں جبکہ بدھ کے روز 17نمونے حاصل کئے گئے اور22کی رپورٹیں منفی آئیں ۔ابھی ضلع میں 36رپورٹوں کے نتائج کا انتظار کیاجارہاہے ۔وہیں پونچھ ضلع سے کوئی نیا نمونہ حاصل نہیں کیاگیا ۔دریں اثنا ضلع ڈوڈہ میں بارہ نمونے منفی آئے ہیں ۔مشتبہ افرادکے نمونے گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں روانہ کئے گئے تھے جہاں سے بدھ کو ان کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی۔ضلع انتظامیہ کو جونہی ان افراد کے بارے میں جانکاری ملی کہ ان کا رابطہ مثبت رپورٹ والے لوگوں کے ساتھ رہا ہے تواس کے فوراً بعد انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ کے قرنطینہ سینٹر میں لایا گیا تھاجہاں سے تین دن پہلے ان کے نمونے جموں روانہ کئے گئے اور بدھ کو ان کی رپورٹ منفی آئی۔ اس خبر پر ضلع کی عوام نے سکھ کا سانس لیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈوڈہ ضلع کے کل 29افراد کی رپورٹ منفی آئی ہے جو کہ مشتبہ مریض تھے یا ان کا کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے افراد سے رابطہ رہا تاہم ان سب کی رپورٹ منفی آئی ہے۔انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سفری تفصیل ظاہر کریں اورکورونا سے جنگ میں بھرپورتعاون دیں۔