ڈوڈہ میں ٹرک زمینی تودے کی زد میں،ڈرائیور سمیت2جاں بحق

سرینگر/ضلع ڈوڈہ میں سنیچر کو اُس وقت دو افراد جاں بحق ہوگئے جب ایک ٹرک ایک بھاری زمینی تودے کی زد میں آگئی۔

یہ حادثہ ضلع کے پیاکل گائوں میں ٹھاٹھری۔کیہوتران سڑک پر پیش آیا۔

حکام کے مطابق ایک ٹرک کشتواڑ سے گندوہ جارہی تھی جب ایک بھاری بھرکم زمینی تودے نے گر کر اُس کو پوری طرح اپنی زد میں لایا۔

سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ٹھاٹھری محمد انوار بانڈے کے مطابق بچائو کارروائی فوری طور شروع کی گئی جس کے دوران ٹرک کے ڈرائیور شہزار احمد ساکنہ چرالا اور اس کے ساتھی محمد عارف ساکنہ کشتوار کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ ٹرک گذشتہ رات کے دوران کیچڑ بھری راہ سے گذر رہی تھی ۔ٹرک کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی گاڑی سے باہر آئے اور راستہ صاف کرنے لگے جس کے دوران اچانک ایک زمینی تودے نے ٹرک اور مذکورہ افراد کو دفن کردیا۔کسی پتھر نے غالباًڈرائیور کو ٹکر مار کر قریبی نالے میں پہنچایاتھا جبکہ اُس کا ساتھی (کنڈیکٹر) ملبے کے نیچے آکر جاں بحق ہوگیاتھا۔