ڈوڈہ میں بھیانک آگ،3رہائشی مکانات اور7دکانیں خاکستر

ڈوڈہ//ڈوڈہ میں آگ کی ایک بھیانک وارادات کے دوران تین رہائشی مکانات اورسات دکانیں خاکستر ہوگئیں۔آ تشزدگی کی اس وارادت میں جہاں تیس افراد بے گھر ہوگئے وہیں دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کی املاک دیکھتے ہی دیکھتے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی۔سی این ایس کے مطابق آتشزدگی کی یہ واردات ضلع کے کھیراعلاقے میں رونما ہوئی۔ سنیچر کی صبح آگ گائو ںکے ایک رہائشی مکان سے نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی اور کئی سلنڈر دھماکوں کے ساتھ پھٹنا شروع ہوئے جسکے نتیجے میں آگ تیزی کے ساتھ پھیل گئی۔ خوفناک شعلوں نے فائر سروس عملہ کو نزدیک نہیں آنے دیا۔آ گ کے شعلے بلند ہو تے ہی علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور نزدیکی لوگ چیختے چلاتے اپنے گھروں سے باہر آئے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ اس قدر بھیانک تھی کہ دور دور سے اس کے شعلے نظر آرہے تھے۔ آگ کی تپش کی وجہ سے کئی دکانوں میں موجودسامان نے تیزی سے آگ پکڑ لی جس کے باعث آگ نے بھیانک صورتحال اختیار کی۔مقامی لوگوں اور فائر برگیڈ عملے نے اگرچہ آگ بجھانے کے لئے فوری کارروائی کی لیکن تین رہائشی مکانات اور سات دکانیں پھر بھی خاکستر ہوگئیں۔