ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں یکے بعد دیگر رونما ہونے والی آتشزدگی کی وارداتوں پر متعدد شخصیات اور تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کئی غیر سرکاری تنظیموں کی طرف سے متاثرین کو عبوری ریلیف فراہم کرنے کی جانب قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈوڈہ کی رضا کار تنظیم ابا بیل اور دیگر سماجی تنظیموں کے افراد ریلیف لے کر گوہا مرمت پہنچ گئے ہیں مقامی لوگوں نے محکمہ فائر سروس پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے سخت غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا الزام تھا کہ آگ دن کے ایک بجے نمودار ہوئی لیکن فائر سروس کی گاڑی اور اہلکار 3بجے جائے حادثہ پر پہنچے ، تاخیر کی وجہ سے آگ پر بر وقت قابو نہ پایا جا سکااور دکانیں و مکانات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر سروسز کی گاڑی اطلاع ملتے ہی گوہا کیلئے روانہ ہوئی ہوتی تو اسقدر بھاری نقصان نہ ہوتا۔اس سے قبل بھلیسہ میں بھی آگ کی واردات کے بعد فائر سروسز کی گاڑی تاخیر سے کاہراہ وارد ہوئی تھی۔ آگ سے پیدا شدہ حالات کا جائزہ لینے کے لئے ایس پی اوپریشن اور متعلقہ تحصیلدار علاقہ میں وارد ہوئے ہیں اور انتظامیہ کی طرف سے متاثرین کو کچھ ساز و سامان بھی فراہم کیا گیا ہے ۔