اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں جمعہ کو بعد دوپہر بارش،ڑالہ باری و تیز ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو بعد دوپہر ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری و گندوہ کے بالائی علاقوں میں بارش، ڑالہ باری و تیز آندھی شروع ہوئی جو دیر شام تک جاری رہی۔اس دوران کسانوں و زمینداروں نے راحت کی سانس لی اور بارشیں شروع ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں لوگوں میں محکمہ بجلی کے تئیں کافی غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ادھر ندی نالوں میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے اور متعدد مقامات پر نکاسی نظام کی عدم دستیابی سے بارش کا پانی سڑکوں پر پھیل گیا ہے۔