ڈوڈہ+کشتواڑ //جمعہ کے روز دوپہر تک موسم ابر آلود رہنے کے بعد بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں ہلکی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو دیر شام تک جاری رہیں۔ اطلاعات کے مطابق ڈوڈہ ضلع میں دوپہر تک موسم ابر آلود رہا اس کے بعد بھدرواہ، ٹھاٹھری، گندوہ و بونجواہ و دیگر مضافات کے بالائی دیہات میں برفباری و میدانی علاقوں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو شام تک جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک بار پھر سے درجہ حرارت نمایاں کمی واقع ہوئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔اس دوران ضلع کے بیشتر علاقوں سے مقامی لوگوں نے بتایا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی بھی جاری رہی جبکہ متعدد دیہات میں بالن لکڑی و تیل خاکی کی قلت پائی جاتی ہے۔سیاسی و سماجی کارکن چوہدری غلام رسول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ دنوں کی بھاری برفباری سے چلی پنگل، چنگا، گندوہ ،کاہرہ ،بونجواہ ،جطوطہ ،چرالہ ،گندنہ و دیگر مضافات میں پکڈنڈی راستے تباہ ہوئے ہیں اور نکاسی نظام و گلی کوچے بھی تباہ ہوئے ہیں جبکہ اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکیں خستہ ہوئیں اور متعدد علاقوں میں پانی کی اسکیموں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے ضلع و مقامی انتظامیہ سے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ منریگا کے تحت پکڈنڈی راستوں، گلی کوچوں و نکاسی نظام کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ادھرضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقہ جات میں موسم نے پھر کروٹ بدلی جس سے بالائی علاقہ جات میں برفباری جبکہ میدانی علاقہ جات میں بارشیں ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح سے ہی میدانی علاقہ جات میں بارشیں شروع ہوئیں جو دن بھر جاری رہیں جبکہ بالائی علاقہ جات میں دن بھر وقفے وقفے سے رک رک کر برف باری ہوتی رہی ۔بالائی علاقہ جات میں کئی انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جس سے درجہ حرارت میں گراوٹ درج کی گئی اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہوکر رہ گئے۔ درجہ حرارت میں گراوٹ سے سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔