عارف بلوچ
اننت ناگ //ڈورو شاہ آباد کے ڈاک بنگلہ کی تعمیرنوعرصہ درازسے طوالت کاشکار ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ نے پرانے ڈاک بنگلہ کو منہدم کرکے جدید ڈیزائن کے ساتھ نئی عمارت بنانے کا کام کئی سال قبل ہاتھ میں لیا ،جس کیلئے محکمہ کے مطابق قریباً 182 لاکھ خرچ ہوںگے تاہم بنیاد ڈالنے کے ساتھ ہی عمارت کی تعمیر کافی عرصہ سے کھٹائی میں پڑگئی۔ خانقاہ فیض پناہ کے سامنے ڈاک بنگلہ کے ساتھ ہی ماضی میں ایک خوبصورت پارک بھی موجود تھی، جو اب ویرانی کا منظر پیش کر رہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پرانے ڈاک بنگلہ کی اپنی ایک شان تھی اگر محکمہ تعمیرات عامہ اس وقت اس عمارت کو منہدم کرنے کے بجائے اُسی عمارت کی تزئین و آرائش کرتا تو بہتر رہتا اور اب نئے عمارت کے لئے درکار فنڈس کی عدم دستیابی نے تعمیر کو کھٹائی میں ڈال دیا۔ ساتھ ہی پارک بھی خستہ حالی کا شکار ہوگئی جس میں لوگ وقتاً فوقتاً وقت گزاری کرتے تھے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر جاوید احمد بودہ کا کہنا ہے کہ ڈاک بنگلہ 2 منزلوں پر مشتمل ہے جس میں قریباً 4 بیڈ روم ہوںگے تاہم فنڈس کی عدم دستیابی نے کام میں رکاوٹ پیدا کی، لیکن اب کچھ روز قبل ہی 26 لاکھ کے قریب رقم واگذار ہوئی ہے اور عمارت کی تعمیر جلد شروع کی جائے گئی۔ بخشی پارک کے حوالے سے موصوف نے کہا پارک کی جلد صفائی کی جائے گی۔