سرینگر//سرینگر کے ڈلگیٹ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون اور اس کا جواں سال بیٹا منگل کے رواز کورونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے۔ماں ،بیٹے کی کورونا سے موت کے فوراً بعد ماہرین نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کووڈ مخالف راہنما اصولوں پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق ڈلگیٹ کی رہنے والی70سالہ خاتون اور اُس کا33سالہ بیٹا سکمز صورہ میں دم توڑ بیٹھے۔نمونیا میں مبتلاءبزرگ خاتون وہاں2 اکتوبر سے زیر علاج تھی اور وہ گذشتہ روز بعد دوپہر جاں بحق ہوگئی جبکہ اُس کا بیٹا سکمز صورہ میں3اکتوبر سے زیر علاج تھا اور وہ آج صبح انتقال کرگیا۔
ماں ،بیٹے کی کورونا وائرس سے ہوئی موت کے بعد ڈاکٹر س ایسو سی ایشن کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہرین کی طرف سے جاری کورونا مخالف راہنما اصولوں پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثار الحسن نے اس بات کو لیکر ناراضگی کا اظہار کیا کہ لوگ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ وائرس کبھی بھی کہیں بھی اور کسی کی بھی جان لے سکتا ہے۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماسک پہنیں،سماجی دوری اختیار کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔