سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگرنے منگل کوایک میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ 2021-22کے تحت ہاتھ میں لی گئی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اورترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کیلئے حکام کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پرآج تک مختلف شعبوں میں اہداف کی تکمیل اور کام کی صورتحال کاحکام نے خاکہ پیش کیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ کیپکس بجٹ 126.69کروڑروپے میں سے آج تک42کروڑروپے واگزارکئے گئے ہیں اور 40فیصداخراجات کوواگزار کیاگیاہے۔اس کے علاوہ ضلع حکا م نے بتایا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور مزید اخراجات حقیقی کام کی عمل آوری پرہوں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تمام شعبوں کا الگ الگ جائزہ لیااور حکام سے تاکید کی کہ وہ دسمبر2021کے آخر تک وہ75فیصد اخراجات کویقینی بنائیں ۔انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ ترقیاتی اہداف کو حاصل کیا جائے۔انہوں نے حکام پر زوردیا کہ وہ معینہ مدت کے اندر تمام جاری کاموں کو پورا کریں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسروں کو متنبہ کیا کہ کام میں کسی بھی قسم کا تساہل برداشت نہیں کیاجائے گا۔انہوں نے پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے افرادی اورمشینری قوت کو کام پر لگانے کی تاکید کی۔دیہی ترقی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ایم اے وائی کیسوں کوحل کرنے کی کارروائی کو تیز کیا جائے۔