سرینگر //پائین شہر میںگنج بخش پارک سے لیکر گرلز ہائر سیکنڈری سکول نوہٹہ جانے والی سڑک کی خستہ حالت سے نہ صرف نوہٹہ گرلز ہائرسیکنڈری سکول میں زیر تعلیم طالبات کو مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرینیج خراب ہونے کی وجہ سے راہگیروں اور مقامی شہریوں کو بھی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گنج بخش پارک نوہٹہ کے محمد عامر نے بتایا کہ محکمہ یو ای ای ڈی نے علاقے سے گندے پانی کی نکاسی کیلئے ڈرنیج تعمیر کی لیکن یہ ڈرنیج چند ماہ کے بعد ہی بند ہوگئی اور اس کی وجہ سے ڈرنیج کا سارا پانی سڑک پر جمع ہوجاتاہے۔ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نوہٹہ کی ایک طالبہ انشاء نے بتایا کہ تمام طالبات سکول کے قوائد و ضوابط کے تحت سکول آنے کیلئے صاف و شفاف وردی پہن کر گھر سے نکلتی ہیں لیکن جوں ہی ہم کالج کے نزدیک پہنچتی ہیں تو سڑک پر موجود گندے پانی کی وجہ سے ہمارے کپڑے خراب ہوجاتے ہیں‘‘۔مقامی تاجر رفیق احمد نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے کئی بار محکمہ یو ای ای ڈی اورسرینگر مونسپل کارپوریشن کے منتظمین سے ڈرنیج کو صاف کرنے کی اپیل کی تھی لیکن کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔ مقامی لوگوں نے مونسپل حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ نوہٹہ کی ڈرینیج کو ٹھیک کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ چیف سینیٹیشن آفیسر ایس ایم سی نذیر احمد بابا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اگر مذکورہ ڈرنیج ہمارے دائرے اختیار میں ہوگی تو ہم اس کی فوری صفائی کریں گے ۔