راجوری//پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کے طلباء نے ڈرائیوروں پر من مانی کا الزام عائد کرتے ہوئے راجوری تھنہ منڈی سڑک پر دھرنا دیا ۔ طلباء کاکہناتھاکہ ڈرائیور ان کے ساتھ بدسلوکی سے پیش آتے ہیں اور ان سے کرایہ بھی پورا وصول کیاجاتاہے ۔اس دوران طلباء نے راجوری تھنہ منڈی روڈ پر اسپتال کے قریب احتجاجی دھرنا دیا ۔ان کا مطالبہ تھا کہ تھنہ منڈی راجوری اور درہال راجوری سڑک پر چلنے والی منی بسوں اور ٹیمپوڈرائیوروں کو طلباء سے نصف کرایہ وصول کرنے کی ہدایت دی جائے اور ساتھ ہی ان کے ساتھ کی جارہی بدسلوکی کا نوٹس لیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں پولیس فوری کارروائی کرے نہیں تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔ان کاکہناتھاکہ کئی مرتبہ حکام سے اس بارے میں شکایت کی گئی کہ گاڑی مالکان ان کے ساتھ بدسلوکی کرتے ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ۔ طلباء نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مختلف روٹ پر چل رہی منی بسوں کے ڈرائیوروں کو کھلی چھوٹ دی ہوئی ہے اور وہ نہ صرف ان سے اضافی کرایہ لیتے ہیں بلکہ ائورلوڈنگ کرتے ہیں اور موسیقی کا استعمال بھی بے دریغ طریقہ سے کرتے ہیں جس پر اگر اعتراض کیاجائے تو بدسلوکی کی جاتی ہے ۔احتجاجی دھرنے کو دیکھتے ہوئے ایس ایچ او راجوری طاہر خان موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے بات چیت کرکے احتجاج ختم کروایا ۔ وہیں اس سلسلے میں پولیس نے طلباء کی شکایت پر گاڑی ضبط کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔