سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کے ڈبر پوٹھا گاؤں کے جلالی گوڑہ محلے کے دیہاتیوں نے علاقے میں سڑکوں کے نئے منصوبوں کے لیے ٹینڈرنگ کے عمل میں جانبداری اور امتیازی سلوک کا الزام لگاتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کا گھیراؤ کیا۔گاؤں والوں نے دو دن پہلے گاؤں میں پرامن احتجاج کیا تھا اور جلالی گھوڑا لنک روڈ پر کام کو دوبارہ شروع کرنے کے ان کے مطالبے پر فوری عمل نہ ہونے کی صورت میں آنے والے دنوں میں احتجاج کا انتباہ دیا تھا۔بدھ کے روز علاقے کے دیہاتی ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ آفس پہنچے اور نوشہرہ سب ڈویژن میں محکمہ کے ایگزیکٹو انجینئر کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اس کا گھیراؤ کیا۔انہوںنے الزام لگایا’’محکمہ تعمیرات عامہ اپنے من پسند ٹھیکیداروں کی طرفداری کا سہارا لے رہا ہے جبکہ وہ ذات پات کی بنیاد پر بھی امتیازی سلوک کر رہے ہیں‘‘۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ جلالی گھوڑاعلاقے میں درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی آبادی ہے۔مین روڈ ڈبر پوٹھہ سے جلالی گھوڑاتک لنک روڈ کی تعمیر کا کام تقریباً دو دہائیاں قبل شروع کیا گیا تھا اور یہ کام درمیان میں روک دیا گیا تھا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ پچھلے بارہ سال سے سڑک پر کام دوبارہ شروع ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔انکاکہناتھا’’ہم نے اس سڑک کے زیر التواء کام کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متعلقہ محکمے سے بار بار رابطہ کیا لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی‘‘۔” دیہاتیوں نے مزید کہا کہ وہ ہفتہ قبل ایگزیکٹیو انجینئر نوشہرہ کے دفتر میں حکام سے بھی ملے تھے اور انہیں کام دوبارہ شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی لیکن اب صرف تین سو میٹر سڑک کے کام کا ٹینڈر کیا گیا ہے جو کہ لوگوں کے ساتھ سراسر جانبداری کو ظاہر کرتا ہے۔پی ڈبلیو ڈی افسران کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ جب تک ان کا مطالبہ پورا نہیں ہوتا وہ ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کے باہر دھرنا جاری رکھیں گے۔بعد ازاں ایگزیکٹیو انجینئربی سی رینہ نے مظاہرین سے ملاقات کی اور یہ یقین دہانی کراتے ہوئے کہ ان کے معاملے پر غور کیا گیا ہے اور اس پر توجہ دی جائے گی۔انہیں یہ بھی یقین دلایا گیا کہ ایک ٹیم میدان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کرے گی۔اس یقین دہانی پر مقامی لوگوں نے احتجاج ختم کر دیا۔بدھ کی شام، مقامی لوگوں نے مطلع کیاکہ ایگزیکٹیو انجینئرنوشہرہ ڈویژن کی سربراہی میں محکہ کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ جلالی گڑھا تک پوری سڑک کے لیے ٹینڈر کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔
محکمہ تعمیرات عامہ پر سرحدی آبادی کو نظر انداز کرنے کا الزام
سابق سرپنچ محکمہ کے دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال پربیٹھ گیا
عظیٰ نیوز سروس
راجوری//نئی سڑکوں کی منظوری کے معاملے میں محکمہ تعمیرات عامہ پر سیری بلاک کے سرحدی علاقوں کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایک سابق سرپنچ ضلع راجوری کے نوشہرہ میں محکمہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ڈینگ کلال پنچایت کے سابق سرپنچ رمیش چودھری نے محکمہ تعمیرات عامہ کے نوشہرہ ڈویژن کے ایگزیکٹیو انجینئر کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کی۔انکاکہناتھا”ہم راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن میں سیری بلاک کے سرحدی علاقے میں رہتے ہیں سڑک کے رابطے کا ابھی بھی کئی علاقوں کے لیے انتظار ہے‘‘۔ رمیش چودھری نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں نے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس بنانے اور غیر منسلک علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری کے لیے حکومت کے سامنے اگلے ترقیاتی منصوبے میں پیش کرنے کے مطالبے کے ساتھ متعلقہ محکمہ سے رجوع کیا۔سابق سرپنچ نے کہا’’ہمیں محکمہ کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ غیر منسلک علاقوں کے لیے سڑکوں کے منصوبوں کی منظوری دی جائے گی لیکن محکمہ کی جانب سے چند روز قبل شروع کیے گئے ایک نئے ٹینڈرنگ عمل میں، اس علاقے کو نظر انداز کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو بے بسی کی حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے‘‘۔انہوں نے الزام لگایا کہ سرحدی علاقوں میں لوگوں کے ساتھ شدید امتیازی سلوک کیا جاتا ہے اور پی ڈبلیو ڈی افسران نے اپنے سیاسی مالکان کو خوش کرنے کے لیے جانبداری کا الزام لگایا۔انکا مزید کہناتھا”ہم اس وجہ سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ سرحدی آبادی کے مطالبے کو نظر انداز کیا گیا اور سڑکوں کے منصوبوں کو ترقیاتی منصوبے میں شامل نہیں کیا گیا جس کا ٹینڈرنگ کے عمل میں بھی کوئی ذکر نہیں ہے‘‘۔سرپنچ دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھا تھا جب آخری اطلاعات موصول ہوئیںلیکن محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی نوشہرہ ڈویژن، بی سی رینا نے کہا کہ وہ احتجاج کرنے والے سابق سرپنچ سے بات چیت کر رہے ہیں اور ان کے نکات پر غور کیا جائے گا۔